رسائی کے لنکس

انڈونیشیا: مٹی کا تودہ گرنے سے کم ازکم 17 افراد ہلاک


تقریباً 380 دیگر افراد کو متاثرہ علاقے سے منتقل کیا جا چکا ہے جب کہ امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

انڈونیشیا میں مٹی کا تودہ گرنے سے کم ازکم 17 افراد ہلاک جب کہ ایک سو سے زائد لاپتا ہو گئے ہیں۔

ہفتہ کی صبح حکام نے بتایا کہ شدید بارشوں کے باعث جمعہ کو دیر گئے صوبہ جاوا کے علاقے بانجارنیگارا میں مٹی کے تودے تلے کم ازکم 105 مکانات دب گئے تھے۔

آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے ترجمان سوتو پرونوگروہو کے مطابق ملبے سے اب تک 17 لاشیں نکال لی گئی ہیں جن میں ایک آٹھ سالہ بچے کی لاش بھی شامل ہے۔

تقریباً 380 دیگر افراد کو متاثرہ علاقے سے منتقل کیا جا چکا ہے جب کہ امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اب بھی ایک سو سے زائد افراد مٹی کے تودے دبے ہو سکتے ہیں۔

امدادی کارروائیوں میں پولیس اور فوج کے اہلکاروں کے علاوہ مقامی رضاکار بھی حصہ لے رہے ہیں لیکن بارشوں کے باعث ان کارروائیوں میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

انڈونیشیا کے ذرائع ابلاغ میں دکھائے جانے والے مناظر میں متاثرہ علاقے میں درخت اور بجلی کے کھمبوں کو گرے ہوئے دکھایا گیا ہے جب کہ گاؤں کے مکانات پوری طرح سے مٹی کے تودے تلے دبے ہوئے ہیں۔

انڈونیشیا میں مون سون کے موسم میں جو کہ عموماً اکتوبر سے اپریل تک چلتا ہے، زمین سرکنے اور مٹی کے تودے گرنے کے واقعات عام ہیں۔

جمعہ کو پیش آنے والا واقعہ جاوا صوبے میں حالیہ دنوں کے دوران مٹی کا تودہ گرنے کا دوسرا واقعہ ہے۔ اسی ہفتے صوبے کے ایک گاؤں میں مٹی کا تودہ گرنے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG