رسائی کے لنکس

لندن: دہشت گرد حملے میں ایک فوجی ہلاک


بدھ کو لندن میں فوجی تربیت کی بیرکس کے قریب ہونے والے اِس حملے میں ایک فوجی ہلاک اور کم از کم دو زخمی ہوئے: حکام

برطانوی حکام نے بتایا ہے کہ بدھ کو لندن میں فوجی تربیت کی بیرکس کے قریب ہونے والے ایک حملے میں ایک فوجی ہلاک اور کم از کم دو زخمی ہوئے۔

چشم دید گواہان کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ جائے واردات پر ایک کار آکر رُکی، جس میں سے خنجر اور بندوقیں تانے چند افراد وارد ہوئے، اور ہلاک ہونے والے پر بربریت سے پہ در پہ وار کرنا شروع کردیا۔

’آئی ٹی وی‘ نیوز نیٹ ورک کی نشریات میں حملہ آور کو خنجر اٹھائے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

برطانوی وزیر اعظم نے، جو فرانس کے دورے پر ہیں، ایک بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی ادارے اور پولیس واقع کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

ڈیوڈ کیمرون نے اِس واقعے کو ’دہشت گرد حملہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ برطانوی عوام ملکی فوجی پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔

اُنھوں نے کہا ہے کہ دہشت گرد ’کبھی کامیاب نہیں ہوں گے‘۔

وزیر اعظم نے ہلاک ہونے والے فوجی کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم اُن کے غم میں برابر کے شریک ہیں‘۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ واقع کی اطلاع ملتے ہی ڈیوڈ کیمرون نےمعاملے پر غور کے لیے ہنگامی ’کوبرا‘ سکیورٹی کمیٹی کا ایک فوری اجلاس طلب کر لیا ہے۔

ادھر، لندن پولیس نے فوری طور پر یہ نہیں بتایا آیا یہ ایک دہشت گردی کا واقع ہے۔

وزیر داخلہ تھیریسا مئی نے اِس بات کی تصدیق کی ہے کہ اِس ’بہیمانہ‘ واقعے میں ایک شخص قتل ہوا، جب کہ دو افراد پر مسلح پولیس نے گولی چلائی، اور زخمی ہونے والے زیر علاج ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ یہ ’دردناک‘ اور ’بربریت‘ کا واقعہ ہے۔
XS
SM
MD
LG