رسائی کے لنکس

برطانیہ : سری لنکا کے 26 باشندے ڈی پورٹ


برطانیہ نے انسانی حقوق کی تنظیموں کی مخالفت کے باوجود سری لنکا کے 26 باشندوں کو ملک سے نکال دیا ہے۔ انہوں نے پناہ حاصل کرنے کے لیے اپنی درخواست میں یہ موقف اختیار کیا تھا کہ انہیں اپنے ملک میں تشدد کا نشانہ بنائے جانے کا خدشہ ہے۔

جمعرات کی رات لندن سے روانگی کے بعد یہ تمام افراد جمعے کے روز سری لنکا پہنچے۔ عہدے داروں کا کہناہے کہ امیگریشن حکام ان سے پوچھ گچھ کررہے ہیں۔

جمعرات کو انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے برطانیہ پر زور دیا تھا کہ وہ سری لنکا کے مذکورہ باشندوں کو ملک سے بے دخل نہ کرے، کیونکہ ان کی اکثریت کا تعلق تامل اقلیت سے ہے اور انہیں سری لنکا پہنچنے پر گرفتار اور قید کیا جاسکتا ہے۔

ایمنسٹی انٹر نیشنل کا کہناہے کہ ایسے واقعات موجود ہیں کہ بیرونی ممالک میں پناہ کی کوشش کرنے والوں کو وطن واپسی پر تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔

تامل ٹائیگر باغیوں کے خلاف سری لنکا کی جنگ مئی 2009ء میں باغیوں کی شکست پر ختم ہوئی تھی ۔ اقوام متحدہ کا کہناہے کہ اس لڑائی کےآخری مہینوں کے دوران ہزاروں شہریوں کو، جن میں اکثریت تامل باشندوں کی تھی ہلاک کردیا گیاتھا۔ جب کہ ہزاروں تاملوں کو بے گھر افراد کے کیمپوں میں بھیج دیا گیا۔

XS
SM
MD
LG