رسائی کے لنکس

برطانیہ: بم حملے کی سازش کے مبینہ ملزم کی امریکہ بدری کا حکم


برطانیہ: بم حملے کی سازش کے مبینہ ملزم کی امریکہ بدری کا حکم
برطانیہ: بم حملے کی سازش کے مبینہ ملزم کی امریکہ بدری کا حکم

ایک برطانوی عدالت نے نیو یارک شہر کے سب وے سسٹم کو دھماکے سے اڑانے کی سازش کے الزام میں مطلوب ایک مبینہ ملزم کو امریکہ کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

جمعہ کے روز سنائے گئے اپنے فیصلے میں مقدمہ کی سماعت کرنے والے برطانوی جج کوئنٹین پرڈی نے کہا ہے کہ عابد نصیر نامی مبینہ ملزم کو دہشت گردی کی ایک بین الاقوامی سازش تیار کرنے کے الزام کے تحت امریکہ میں مقدمے کا سامنا کرنا ہوگا۔

امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ 24 سالہ پاکستانی نژاد عابد نصیر القاعدہ کا رکن ہے اور اس نے نیو یارک کے سب وے سسٹم کے علاوہ برطانیہ اور ناروے میں بم دھماکے کرنے کی سازش تیار کی تھی۔

عابد نصیر کے وکلاء نے برطانوی عدالت کے سامنے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ اگر ملزم کو امریکہ کے حوالے کیا گیا تو امکان ہے کہ اسے اس کے آبائی وطن پاکستان منتقل کردیا جائے گا جہاں اسے تشدد کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔ تاہم عدالت نے ملزم کے وکلاء کا موقف مسترد کرتے ہوئے اسے امریکی حکام کی تحویل میں دینے کا حکم جاری کیا ہے۔

عدالتی حکم کے باوجود عابد نصیر کو اس وقت تک امریکی حکام کی تحویل میں نہیں دیا جاسکتا جب تک اس کی منظوری برطانوی ہوم سیکریٹری تھریسا مے نہیں دے دیتیں۔ عابد کے وکلاء کا کہنا ہے کہ وہ عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرینگے۔

برطانوی پولیس نے عابد نصیر کو11 دیگر افراد کے ہمراہ 2009 میں مانچسٹر کو بم حملے کا نشانہ بنانے کی کوشش کرنے کے شبہ میں گرفتار کیا تھا۔ بعد ازاں حکام کی جانب سے تمام 12 ملزمان کو رہا کرتے ہوئے انہیں برطانیہ بدر کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا جس کے خلاف عابد نصیر نے اپیل دائر کی تھی جس کا فیصلہ ان کے حق میں سامنے آیا تھا۔

XS
SM
MD
LG