رسائی کے لنکس

برطانوی وزیر خارجہ چین کے تین روزہ دورے پر


برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ ، کوپن ہیگن میں آب وہوا سے متعلق مذاکرات اور چین میں برطانوی شہری اکمل شیخ کی سزائے موت پر برطانیہ کی برہمی کے بعد لندن اور بیجنگ کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کم کرنے کی کوشش میں چین کے تین روزہ دورے پر ہیں۔

برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ ، چین کے ساتھ اختلافات دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اِسی طرح کی ایک کوشش امریکی نائب وزیر خارجہ جیمز سٹائن برگ نے دو ہفتے قبل کی تھی۔ اِس دورے کے دوران ملی بینڈ چین کو ایران کے خلاف پابندیوں پر متفق ہونے پر بھی زور دیں گے۔

وزیر خارجہ ملی بینڈ کا کہنا ہے کہ وہ اور اعلیٰ سطحی چینی راہنما ،اس بارے میں گفتگو کریں گے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اس حقیقی خطرے سے کس طرح نمٹ سکتی ہے جو ایران کے جوہری پروگرام کے باعث بین الاقوامی استحکام اور سیکیورٹی کو لاحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ چیز اہم ہے کہ چین کے ساتھ ہمارے سٹرٹیجک تعلقات موجود ہیں ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ تعاون کی اہم ضرورت کے پیش نظر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ان دونوں ارکان کے لیے ضروری ہے کہ وہ قریبی طورپر کام کریں اور ان کے درمیان جن امور پر اختلافات موجود ہیں، انہیں پوشیدہ نہ رکھاجائے ، لیکن چینیوں کو ان شعبوں میں رکاوٹیں نہ کھڑی کرنے دیا جائے جہاں ہم مشترکہ اہم کام مل کرسکتے ہوں۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بیشتر ارکان تہران کے جوہری پروگرام کی بنا پر اس کے خلاف پابندیوں کی حمایت کرتے ہیں سوائے چین کے جو مزید سفارت کاری چاہتاہے۔

گذشتہ سال برطانیہ اور چین کے درمیان کشیدگی میں اس وقت اضافہ ہواجب لندن نے بیجنگ پر کوپن ہیگن میں ہونے والے آب و ہوا کے مذاکرات ہائی جیک کرنے کا الزام عائد کیا۔

یہ تعلقات اس وقت مزید بدتر شکل اختیار کرگئے جب ایک برطانوی شہری اکمل شیخ کو برطانیہ کے وزیر اعظم گورڈن براؤن کی جانب سے رحم کی اپیلوں کے باوجود،چین میں منشیات کی سمگلنگ کی بنا پر موت کی سزا دی گئی۔وزیر اعظم نے کہاتھا کہ اکمل شیخ ذہنی بیماری میں مبتلا تھا۔

ملی بینڈ نے ان دعوؤں کو مسترد کردیا کہ ایسے میں کہ جب عالمی افق پر چین کا اثرور سوخ بڑھ رہا ہے ، اس کا اعتماد جیتنا مشکل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملک عالمی معیشت اور ماحول جیسے بہت سے مسائل کے حل میں تعاون کررہے ہیں۔

وزیر خارجہ ملی بینڈ منگل کے روز چینی وزیر اعظم وین جیا باؤ، وزیر خارجہ یانگ جی چی اورا سٹیٹ کونسلردائی بنگو سے بھی ملاقات کریں گے۔

XS
SM
MD
LG