رسائی کے لنکس

نائجیریا میں اغواء ہونے والے غیر ملکی باشندوں کی وڈیو جاری


نائجیریا میں اغواء ہونے والے غیر ملکی باشندوں کی وڈیو جاری
نائجیریا میں اغواء ہونے والے غیر ملکی باشندوں کی وڈیو جاری

برطانوی حکام ایک ایسی وڈیو کا تجزیہ کرنے میں مصروف ہیں جس میں رواں برس مئی میں افریقی ملک نائجیریا سے اغواء ہونے والے ایک برطانوی اور ایک اطالوی شہری کو دکھایا گیا ہے۔

برطانیہ کے دفترِ خارجہ کے مطابق حکام ہنگامی بنیادوں پر اس وڈیو کی سچائی جانچنے کی کوششوں میں مصروف ہیں جس میں دونوں مغویوں نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں القاعدہ نے اغواء کر رکھا ہے۔

وڈیو فرانسیسی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے آئیوری کوسٹ میں واقع دفتر کو بھیجی گئی تھی جسے عوام کے لیے جاری نہیں کیا گیا ہے۔

مسلح افراد نے دونوں غیرملکیوں کو نائیجریا کی شمال مغربی ریاست کیبی میں واقع ان کے اپارٹمنٹ سے 12 مئی کو اغواء کرلیا تھا۔ دونوں مغوی ایک اطالوی تعمیراتی کمپنی کے ساتھ انجینئرز کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔

برطانوی حکام نے دونوں افراد کے اغواء کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان میں سے ایک برطانوی شہری ہے تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

برطانیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ دونوں مغویوں کی باحفاظت رہائی کی کوشش کر رہے ہیں ۔ حکام نے اغواء کنندگان سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ "ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مغویوں کو رہا کردیں"۔

تیل کی دولت سے مالامال نائیجریا کے جنوبی علاقے 'نائجر ڈیلٹا' میں اس طرز کے اغواء کی وارداتیں خاصی عام ہیں تاہم ملک کے شمالی علاقے میں اس طرح کے واقعات نسبتاً شاذو نادر ہی پیش آتے ہیں۔

نائیجیریا کے شمالی پڑوسی ملک نائجر میں بھی حالیہ برسوں کے دوران غیر ملکی باشندوں کے اغواء کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں۔ واضح رہے کہ نائجیریا کی ریاست کیبی کی سرحدیں نائیجر اور ایک دوسرے مغربی افریقی ملک بینین سے ملتی ہیں۔

XS
SM
MD
LG