رسائی کے لنکس

آسٹریلیا : پانچ ڈالر کےنئے نوٹ پر ملکہ برطانیہ کی تصویر نہیں ہو گی


برطانیہ کی آنجہانی ملکہ الزبتھ ۔ فائل فوٹو
برطانیہ کی آنجہانی ملکہ الزبتھ ۔ فائل فوٹو

آسٹریلیا کے مرکزی بینک نے جمعرات کو کہا ہےکہ آسٹریلیا اپنے پانچ ڈالرکے بینک نوٹ پر ملکہ الزبتھ دوم کی تصویر کو کسی نئے ڈیزائن کے ساتھ تبدیل کر دے گا جواس کی مقامی ثقافت کی تاریخ کی عکاسی اورا احترام کا اظہار کرے۔

ریزرو بینک آف آسٹریلیا نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ وفاقی حکومت کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا ہے، جو تبدیلی کی حمایت کرتی ہے۔ اس نے کہا کہ نوٹ کے دوسرےرخ پر بدستور آسٹریلوی پارلیمنٹ کی تصویر رہے گی۔

یہ تبدیلی آسٹریلیا کے ان قدیم ایبوریجنل باشندوں کے لیے خوش آئند ہے جو برطانوی آباد کاروں کے اس سرزمین پر قدم رکھنے سے پہلے سے وہاں رہتے تھے۔

آسٹریلیا میں امریکی سفیر کیرولین کینیڈی 25 جولائی 2022 کو کینبرا، آسٹریلیا میں امریکی سفارت خانے میں آبائی باشندوں کی ایک تقریب میں شرکت کر رہی ہیں۔
آسٹریلیا میں امریکی سفیر کیرولین کینیڈی 25 جولائی 2022 کو کینبرا، آسٹریلیا میں امریکی سفارت خانے میں آبائی باشندوں کی ایک تقریب میں شرکت کر رہی ہیں۔

لیڈیا الما تھورپ ایک آسٹریلوی سیاست دان ہیں جو آسٹریلین گرین کی نمائندگی کرتی ہیں۔ وہ 2020 سے ریاست وکٹوریہ کی پہلی ایبوریجنل سینیٹر ہیں۔ جون سے اکتوبر 2022 تک، انہوں نے سینیٹ میں گرینز کی ڈپٹی لیڈر کے طور پر خدمات انجام دیں۔

لیڈیا نے اپنی ایک ٹویٹ میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئےاسے ’’فرسٹ نیشن‘‘ کے لوگوں کے لیے ایک بڑی کامیابی سے تعبیر کیا ہے۔’’فرسٹ نیشنز کے لوگوں نے ہماری خودمختاری کبھی کسی بادشاہ یا ملکہ کے حوالے نہیں کی۔‘‘

مقامی آسٹریلوی یا آسٹریلین فرسٹ نیشنز ان نسلی گروہوں سےتعلق رکھتے ہیں جو برطانوی نوآبادی بننے سے پہلے آسٹریلیا میں رہتے تھے۔

گزشتہ سال ملکہ الزبتھ کی موت نے، ایک آئینی بادشاہت کے طور پرآسٹریلیا کے مستقبل کے بارے میں ایک بار پھر بحث چھیڑ دی ہے۔ ووٹرز نے 1999 کے ریفرنڈم میں برطانوی بادشاہ کو اپنے سربراہ مملکت کے طور پر برقرار رکھنے کا انتخاب کیا تھا۔

جنوری 2019 کو سڈنی میں آسٹریلیا ڈے کے موقع پر ایک مظاہرے کے دوران آسٹریلوی قدیم باشندے آبائی جھنڈے اٹھائے ہوئے ہیں۔
جنوری 2019 کو سڈنی میں آسٹریلیا ڈے کے موقع پر ایک مظاہرے کے دوران آسٹریلوی قدیم باشندے آبائی جھنڈے اٹھائے ہوئے ہیں۔

یہ فیصلہ ایک ایسے وقت آیا ہےجب آسٹریلیا کی مرکزی بائیں بازو کی لیبر حکومت آئین میں ایسی تبدیلی کی ضرورت کے بارے میں ایک ریفرنڈم پر زور دے رہی ہے، جس میں نوآبادی دور سے پہلے وہاں رہنے والےمقامی باشندوں کو تسلیم کرنا اور ان کی زندگیوں پر اثر انداز ہونے والے فیصلوں پر ان سے مشاورت کی ضرورت کو شامل کیا جائے۔

آسٹریلوی حکام نے ملکہ کی موت کے بعد کہا تھا کہ بادشاہ چارلس سوم کی تصویرپانچ ڈالر کے نوٹوں پر خود بخود ملکہ کی جگہ نہیں لے گی اور یہ کہ اس کی جگہ آسٹریلوی شخصیات لے سکتی ہیں۔

انہوں نے اس وقت کہا تھا کہ پانچ ڈالر کے نوٹ پر ملکہ الزبتھ کی تصویر شامل کرنے کا فیصلہ ان کی شاہی حیثیت کی بنیاد پر نہیں بلکہ ان کی شخصیت کی وجہ سے تھا۔

آسٹریلیا کے ریزرو بینک نے کہاہے کہ وہ پانچ ڈالر کے بینک نوٹ کو ڈیزائن کرنے کے لیےمقامی باشندوں سے مشورہ کرے گا۔

تاہم نئے نوٹ کو ڈیزائن کرنے اور چھاپنے میں کئی سال لگیں گے۔ تب تک موجودہ نوٹ چلتارہے گا۔

یہ اسٹوری ایجنسی فرانس پریس کی رپورٹ پر مبنی ہے۔

XS
SM
MD
LG