رسائی کے لنکس

کرونا کہانیاں: کیٹ میڈلٹن نے وبا کے دوران کھینچی گئی تصاویر پر مشتمل کتاب مرتب کر دی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

برطانیہ کے شاہی خاندان کی بڑی بہو اور ڈچس آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن نے کرونا لاک ڈاؤن کے دوران کھینچی گئی تصاویر پر مبنی ایک کتاب لانچ کر دی ہے۔

اس کتاب کا عنوان 'ہولڈ اسٹل: اے پوٹریٹ آف آور نیشن ان 2020' ہے اور یہ سات مئی سے دستیاب ہو گی۔

ملکۂ برطانیہ الزبتھ دوم کے بڑے پوتے شہزادہ ولیم کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے اس پروجیکٹ کا آغاز گزشتہ برس نیشنل پوٹریٹ گیلری کے تعاون سے کیا تھا۔

انہوں نے لوگوں کو دعوت دی تھی کہ وہ برطانیہ میں کرونا وائرس کے پہلے لاک ڈاؤن کے دوران کھینچی گئی تصاویر کو جمع کرائیں۔

کیٹ کی دعوت کے بعد 31 ہزار سے زائد تصاویر انہیں بھیجی گئیں جن میں سے 100 بہترین تصاویر کے انتخاب کے لیے ججز کا پینل بنایا گیا۔ جس میں کیٹ مڈلٹن بھی شامل تھیں۔

کتاب کے اجرا سے قبل ان تصاویر کو ڈیجیٹل اور کمیونٹی نمائش میں دکھایا گیا ہے۔ البتہ کتاب کے لیے 100 بہترین تصاویر منتخب کی گئیں۔

شاہی خاندان کی بہو کا کہنا ہے کہ یہ کتاب عالمی وبا کا ریکارڈ فراہم کرے گی۔

اس کتاب کے ابتدا میں کیٹ مڈلٹن نے لکھا ہے کہ وہ فوٹوگرافی کی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے ان لمحات کا ریکارڈ بنانا چاہتی تھیں جو ہم سب پر گز رہے ہیں۔

ان کے بقول وہ وبا کے دوران جنم لینے والی ہر ایک کہانی کی عکس بندی اور خصوصی لمحات کو گھرانوں اور برادریوں کے لیے اکٹھا کرنا چاہتی تھیں۔

اس کتاب سے ہونے والی آمدنی نیشنل پوٹریٹ گیلری اور برٹش مینٹل ہیلتھ چیئرٹی مائنڈ میں تقسیم ہو گی۔

XS
SM
MD
LG