رسائی کے لنکس

برما میں انتخابات جمہوریت کی طرف پہلا قدم


برما میں انتخابات جمہوریت کی طرف پہلا قدم
برما میں انتخابات جمہوریت کی طرف پہلا قدم

برما کی حزب اختلاف کی رہنما آنگ سان سوچی کے سابقہ حامیوں نے آئندہ ماہ ہونے والے عام انتخابات کوفوجی حکمرانی والے ملک میں جمہوریت کی طرف ”پہلا قدم“قراردیا ہے۔

سرکاری اخبار’نیو لائٹ آف میانمار‘ میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں نیشنل ڈیموکریٹک فورس نامی جماعت کے چیئرمین تھان نیئن نے پالیسی بیان تحریر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا گروپ سمجھتا ہے کہ برما جمہوریت کی جانب منتقلی کے عمل سے گزر رہا ہے۔

نیشنل ڈیموکریٹک فورس (این ڈی ایف)آنگ سان سوچی کی نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی (این ایل ڈی) کے سابق ارکان نے تشکیل دی ہے ۔ یہ افراد اُس وقت این ایل ڈی سے الگ ہو گئے تھے جب جماعت نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد جماعت تحلیل کردی گئی تھی۔

مضمون میں نیئن نے کہا ہے کہ اگر این ڈی ایف پارلیمنٹ میں نشستیں حاصل کر لیتی ہے تو اس کے نمائندے عوام کی آواز بلند کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت بانس سے بنی ٹوپی ’بیمبو ہیٹ‘کو انتخابی نشان کے طور پر استعمال کرے گی۔

برما میں انتخابات جمہوریت کی طرف پہلا قدم
برما میں انتخابات جمہوریت کی طرف پہلا قدم

آنگ سان سوچی کی این ایل ڈی نے 1990ء میں ہونے والے انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کی تھی اور ان کا انتخابی نشان بھی بیمبو ہیٹ ہی تھا۔ فوج نے انھیں اقتدار منتقل کرنے سے انکارکردیا تھا جس کے بعد جماعت کے اراکین اس ہیٹ کو فوجی جرنیلوں کی عدم تعمیل کی علامت کے طور پر پہننے لگے۔ سوچی نے جولائی میں جماعت کے منقسم گروپوں کی طرف سے اس علامت کے استعمال پر احتجاج کیا تھا۔

اتوار کو برما میں حکام کی طرف سے یہ خبر آئی تھی کہ فوجی حکومت 11 ہزار قیدیوں کو رہا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ وہ سات نومبر کو ہونے والے انتخابات میں ووٹ ڈال سکیں۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ ان میں ملک کے تقریباً2200سے زائد سیاسی قیدیوں میں سے بھی کوئی شامل ہے یا نہیں۔
حکومت نے حزب اختلاف کی نظر بند رہنما آنگ سان سوچی کا نام رائے دہندگان کی ضمنی فہرست میں شامل کرلیا ہے جس کا مطلب ہے کہ انھیں انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی اجازت ہوگی۔ نوبل انعام یافتہ سوچی کو پہلی شائع شدہ فہرست میں شامل نہیں کیا گیا تھا کیونکہ انتخابی قوانین کے مطابق سزا یافتہ افراد کو انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG