رسائی کے لنکس

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سفیر برما کے دورے پر


آنگ ساں سوچی اور برما کے صدر تھین سین
آنگ ساں سوچی اور برما کے صدر تھین سین

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سفیر ٹامس کونتا نا برما میں انسانی حقوق کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے پانچ روزہ دورے پر اتوار کو برما پہنچے۔

طے شدہ پروگرام کے مطابق کوانتانا بدھ کے روز رنگون میں جمہوریت نواز راہنما آنگ ساں سوچی سے ملاقات کریں گے۔اپنے اس دورے سے اٹھارہ ماہ قبل بھی انہوں نے برما کادورہ کیاتھا ، لیکن اس وقت انہیں نوبیل انعام یافتہ راہنما سوچی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی تھی جو اس وقت اپنے گھر میں نظربند تھیں۔

اس کے بعد سے اب تک کونتانا کی جانب سے ملک میں داخلے کی کئی درخواستیں رد کی جاتی رہیں ہیں۔

کونتانا اپنے اس دورے میں سرکاری عہدے داروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے اور پیر کے روز ملک کی نئی پارلیمنٹ کے ایک اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔

کونتانا اپنی ابتدائی جائزہ رپورٹ جمعرات کے روز رنگون میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران پیش کریں گے۔ برما کےاپنے دورے کی تفصیلی رپورٹ وہ اس سال کے آخر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پیش کریں گے۔

آنگ ساں سوچی نے برما کے صدر کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات جمعے کے روز کی تھی۔ انہوں نے صدر تھین سین کے ساتھ اپنی ملاقات کو حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔ تھین سین ایک سابق جرنیل ہیں اور سابق فوجی دور میں برما کے وزیر اعظم کے طورپر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔

گذشتہ سال نومبر میں اپنی رہائی سے قبل آنگ ساں سوچی نے تقریباً 15 سال حراست میں گذارے تھے۔

XS
SM
MD
LG