رسائی کے لنکس

ہالی وڈ میں فلمی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہونے کے امکانات روشن


کرونا وائرس سے دنیا بھر کی فلم انڈسٹری میں سرگرمیاں رُک گئی تھیں تاہم اب کیلی فورنیا میں ہالی وڈ فلموں اور ٹی وی شوز کی پروڈکشن دوبارہ شروع ہونے کے امکانات روشن ہونے لگے ہیں۔

اس حوالے سے آئندہ ہفتے باقاعدہ ہدایات جاری کی جائیں گی جن پر تمام ورکرز، پروڈیوسرز اور پروڈکشن ہاؤسز کو سختی سے عمل کرنا پڑے گا۔

برطانوی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق فلم سے جڑی متعدد شخصیات نے گائیڈ لائنز کے اجرا سے فلم انڈسٹری کی رونقیں بحال ہونے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

انڈسٹری سے وابستہ زیادہ تر افراد کا کہنا ہے کہ انڈسٹری کی مکمل بحالی کے لیے ابھی بھی بہت سا وقت درکار ہے۔

کیلی فورنیا کے گورنر گیون نیوسم کا کہنا ہے کہ لاس اینجلس کاؤنٹی میں پہلے مرحلے کے دوران کام شروع ہونا مشکل ہے۔

نیوسم نے بدھ کو فلم و ٹی وی انڈسٹری سے متعلق منعقدہ راؤنڈ ٹیبل مذاکرات کے دوران کہا کہ پہلے مرحلے میں ان کاؤنٹیز کو دوبارہ پروڈکشن کی اجازت مل جائے گی جن میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال میں بہتری آ چکی ہے۔

امریکہ میں کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے مارچ کے وسط میں فلم اور ٹیلی ویژن سیٹس پر شوٹنگز روک دی گئی تھی کیوں کہ ان سیٹس پر سماجی دوری برقرار رکھنا کسی چیلنج سے کم نہیں تھا۔ شاہد یہی وجہ ہے کہ فلم انڈسٹری کو دوسری صنعتوں کے مقابلے میں آخر میں کام دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی گئی۔

گیون نیوسم کا کہنا ہے کہ لاس اینجلس بڑے مووی اسٹوڈیوز اور ٹیلی ویژن نیٹ ورکس کا گھر ہے۔ اس لیے بھی یہاں دیر سے کام شروع ہو سکے گا۔ کام کے آغاز سے پہلے یہاں کرونا وائرس ٹیسٹس کی تعداد، اموات اور اسپتالوں کی صورت حال کو اچھی طرح پرکھا جائے گا۔ اس کے بعد ہی یہاں پوری طرح فلمی سرگرمیاں بحال ہوسکیں گی۔

ادھر نیٹ فلکس کے چیف کانٹینٹ آفیسر ٹیڈ سرینڈوز نے کہا ہے کہ اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے جنوبی کوریا، آئس لینڈ اور سوئیڈن جیسے ممالک میں دوبارہ فلم بندی شروع کر دی ہے حالانکہ یہاں اس کام کو نہایت سختی سے جانچا اور پرکھا جا رہا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیٹ فلکس کی جانب سے بند ہونے والے اپنے تمام شوز سے وابستہ عملے کو ادائیگی کا عمل جاری ہے۔ انہیں ہر ماہ وعدے کے مطابق 15 کروڑ ڈالرز سے زیادہ کی رقم ادا کی جاتی ہے۔

کرونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں میں نرمی کے بعد فلم ساز ٹیلر پیری ایسے پہلے امریکی فلم ساز ہوں گے جن کی دو ٹی وی سیریز کی شوٹنگ اٹلانٹا میں جولائی میں شروع ہو سکے گی۔

اداکار جان ہورٹس کا کہنا ہے کہ ابھی کافی دنوں کا انتظار باقی ہے۔ جان 'این بی سی' کی سیریز میں کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ سیریز کی تیاری کا عمل جنوری سے قبل شروع ہونا مشکل ہے۔

XS
SM
MD
LG