رسائی کے لنکس

دس ارب درختوں کی سونامی


موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان میں 10 ارب درختوں کی ’’سونامی‘‘ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ موسمی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے اگلے پانچ برس کے دوران ملک بھر میں دس ارب پودے لگانے کی مہم مکمل کی جائے گی جس میں زندگی کے تمام شعبوں سے وابستہ افراد حصہ لیں گے۔ یہ تمام پودے لوگوں کو مفت فراہم کئے جائیں گے۔

دس ارب درختوں کی سونامی کا افتتاح کرنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ہم ’پاکستان کیلئے درخت لگاؤ‘ مہم کا آغاز آج سے ملک بھر میں کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ وہ اس گرین پاکستان مہم میں ہر پاکستانی کی شرکت کے خواہاں ہیں تاکہ آئیندہ آنے والی نسلوں کو موسمی تبدیلی کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی کے اثرات سے بچا یا جا سکے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملک میں کل رقبے کے 25 فیصد پر سبزہ ہونا لازمی ہوتا ہے جبکہ پاکستان میں یہ شرح محض دو فیصد ہے جو خطرناک حد تک کم ہے۔

ماحولیات کے بارے میں وزیر اعظم کے مشیر ملک امین اسلم کہتے ہیں کہ اس مہم کے پہلے مرحلے کے دوران 15 لاکھ پودے لگائے جائیں گے اور یہ مہم دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے تمام شہروں میں جاری رہے گی جن میں طالب علم، سرکاری اہلکار، وزیر اعظم عمران خان کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے کارکن اور رضاکار حصہ لیں گے۔

XS
SM
MD
LG