رسائی کے لنکس

کیا نواز شریف پلی بارگین کر سکتے ہیں؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ اگر وہ رہائی چاہتے ہیں تو نیب کے پلی بارگین قانون سے فائدہ اٹھائیں۔

فواد چوہدری کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سابق وزیر اعظم نواز شریف کے علاج کے معاملے پر حکومت اور شریف خاندان کے درمیان لفظی نوک جھونک جاری ہے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں العزیزیہ سٹیل مل کیس میں سات سال کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

نیب کا پلی بارگین قانون ہے کیا؟

نیب قوانین کی شق 25 اے کے تحت کوئی بھی شخص چاہے وہ ملزم ہو یا مجرم نیب کے اس قانون سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

نیب قانون کے مطابق ملزم کو تمام لوٹی ہوئی رقم اور اس کے ساتھ مارک اپ تین اقساط میں جمع کروانا ہوتا ہے جبکہ چئیرمین نیب پلی بارگین کی منظوری دیتے ہیں ۔

نیب کے پلی بارگین قانون کو مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا ہے۔

نیب پر یہ الزام لگتا رہا ہے کہ نیب اپنے اس قانون کی خود ہی خلاف ورزی کرتی رہی ہے اور ملزم سے مبینہ طور پر لوٹی ہوئی رقم سے کم پیسے لیکر بھی پلی بارگین کی گئی ہے۔

نیب کا یہ موقف رہا ہے کہ اس نے بڑے سکینڈلز میں اربوں روپے کی ریکوری کی ہے۔

مضاربہ سکینڈل ہو یا ڈبل شاہ کیس اس کے علاوہ متعدد رہائشی سکیموں کے گھپلوں میں لگ بھگ 264 ارب کی رقم سرکاری خزانے میں جمع کروائی گئی ہے۔

سینئر وکیل افتحار شاہد نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پلی بارگین کے ذریعے کرپشن کرنے والوں کو ایک طرح سے کلین چٹ مل جاتی ہے۔

افتحار شاہد نے کہا کہ ماضی میں ایسی مثالیں موجود ہیں جس میں 10 کروڑ کی کرپشن کرنے والے دو یا تین کروڑ دے کر بری ہوتے رہے ہیں۔

مسلم لیگ ن کا ردعمل

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف پلی بارگین کیوں کریں۔ وہ معصوم ہیں۔ ان پر کرپشن کا ایک روپیہ بھی ثابت نہیں ہوا۔

مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ملک کو سی پیک دیا، ایٹمی دھماکے کئے اور ملک میں سڑکوں کا جال بچھایا۔ وہ عوام کے لیڈر ہیں۔ ان سے متعلق ایسی باتیں کرنا حکومت کی بدنیتی ہے۔

مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت میں کئی لوگ ایسے بیٹھے ہیں جنہیں پلی بارگین کی ضرورت ہے۔

مشاہد اللہ خان نے الزام لگایا کہ ملک میں این آئی سی ایل اور ای او بی آئی کے بڑے سکینڈل آئے۔ اور ان میں ملوث لوگ آج موجودہ حکومت میں بیٹھے ہیں۔ اگر پلی بارگین کرنی ہے تو وہ کریں۔

XS
SM
MD
LG