رسائی کے لنکس

کینیڈا کا عراق و شام میں فضائی کارروائیاں ختم کرنے کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیراعظم ٹروڈیو نے کہا کہ (ان کی) حکومت شمالی عراق میں کرد جنگجوؤں کو تربیت فراہم کرنے والے اپنے دستوں کی تعداد میں اضافہ کرے گی۔

عراق اور شام میں داعش کے خلاف کینیڈا کی فضائی کارروائیاں رواں ماہ ختم کر دی جائیں گی۔

وزیر اعظم جسٹن ٹروڈیو نے اعلان کیا کہ وہ 22 فروری تک کینیڈا کے چھ لڑاکا طیاروں کو واپس بلا لیں گے۔ یہ اعلان انہوں نے گزشتہ سال وزیراعظم منتخب ہونے سے پہلے اپنی انتخابی مہم کے دوران کیے گئے وعدے کی پاس داری کے تحت کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی قیادت میں فضائی کارروائیوں کی مہم مختصر مدت ( کے مقاصد کے حصول) کے لیے تو مفید ہے لیکن یہ اس سے متاثر ہونے والی برادریوں کے طویل مدتی استحکام کے لیے مناسب نہیں ہے۔

تاہم کینیڈا کا نگرانی اور ایندھن فراہم کرنے والا طیارہ اتحادیوں کی طرف سے جاری کوششوں میں شامل رہے گا۔

ٹروڈیو نے یہ بھی کہا کہ (ان کی) حکومت شمالی عراق میں کرد جنگجوؤں کو تربیت فراہم کرنے والے اپنے دستوں کی تعداد میں اضافہ کرے گی اور اس کی اس خطے میں فوجی تعیناتی کم ازکم آئندہ سال مارچ تک جاری رہے گی۔

وائٹ ہاؤس نے کہا کہ (کینیڈا کے وزیر اعظم) ٹروڈیو اور امریکی صدر براک اوباما نے پیر کو ٹیلی فون پر گفتگو کی جس میں عراق اور شام میں داعش کے خلاف ہونے والی حالیہ کامیابیوں اور مشرق وسطیٰ کے باہر ہونے والے عسکری حملوں کے تناظر میں اس گروپ کے خلاف لڑنے کی ضرورت کے متعلق بات کی۔

XS
SM
MD
LG