رسائی کے لنکس

کینز فلم فیسٹول: بالی وڈ اپنی منفرد پہچان منوانے کی راہ پر


ایشوریا رائے بچن، دیپیکا پڈوکونے اور ملیکا شیراوت نے 63 ویں بین الاقوامی کینز فلمی میلے کے ابتدائی دور میں شامل ہوکر یہ ثابت کردیا ہے کہ مغربی فلمی بازار میں بالی وڈ کی فلمیں دیر سے ہی سہی لیکن اپنی منفرد پہچان بنانے کی راہ پر گامزن ہیں۔

12 مئی سے شروع ہونے والے اِس فلمی میلے میں اتوار کو 19فلموں کے درمیان ‘پام ڈی اور’ ایوارڈ کے لیے مقابلہ ہوگا۔ انعام جیتنے والی فلم کا اعلان 23 مئی کو فلمی میلے کی جیوری کرے گی۔

کینز فلمی میلے میں ‘پام ڈی اور’ ایوارڈ کے لیے جہاں کوریا، فرانس اور یوکرین کے درمیان مقابلہ سخت ہےوہیں بھارتی فلمیں بھی اِس سال اپنی موجودگی کا اعلان زورو شورسے کررہی ہیں۔ کینز فلمی میلے کے تیسرے دن یہ افواہ کافی گرم ہے کہ ایشوریا ہالی وڈ ہیرو رسل کرو کے ساتھ ہالی وڈ فلم کریں گی۔ خیال رہے کہ اداکار رسل کرو کی فلم ‘رابن ہڈ’ کی نمائش سے ہی کینز فلمی میلے کا آغاز ہوا ہے۔

بھارتی حکومت نے بھارتی فلمی صنعت کی تشہیر اور ہالی وڈ کی کمپنیوں کو بھارت کی طرف راغب کرنے کے لیے ایک 45 رکنی وفد کینز بھیجا ہے، جِس میں فلمساز گوند نہلانی، ناگیش کوکنور، منموہن شیٹھی اور مرِنال سین جیسی بالی وڈ کی ہستیاں شامل ہیں۔

اِس سال کینز فلمی میلے کے ‘اَن سرٹن ری گارڈ’ زمرے میں بھارتی فلمساز وکرم آدتیہ موتوانے کی فلم ‘اُڑان’ کو نامزدگی ملی ہے، اِس کے علاوہ مرنال سین کی فلم ’کھنڈر’، پروڈیوسر انوراگ بھٹ ناگر کی بچوں کی ہمت افزائی کرنے والی فلم ‘آئی ایم کلام’ اور امریکی فلمساز گریگ ہیلوی کی 19 منٹ لمبی فلم ‘کوی’ بھی کینز کے سنیمابینوں کے سامنے نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

بھارتی فلمی صنعت کے لیے فخر کا لمحہ ہے کہ فلم بینڈیت کوئن کے ہدایت کار شیکھر کپور اِس سال کینز میں جیوری ممبر کی حیثیت سے شرکت کررہے ہیں۔ کینز میں اپنی نئے فلم پروجیکٹ پانی کا اعلان کرتے ہوئے کپور نے کہا کہ اُن کی نئی فلم عالمی سطح پر پانی کی قلت اور اُس سے جڑے مسائل کو فلمی پردے پر پیش کرے گی۔ فلم پانی میں ریتک روشن اہم کردار کریں گے۔

شیکھر، اگر جج کی کرسی سنبھالے ہوئے ہیں تو ملکہ حسن ایشوریا ایک بار پھر کینز فلمی میلے کے ریڈ کارپیٹ پر نظر آئیں۔ وہ اپنی نئی فلم ‘راون’ کی تشہیر کے لیے ابھیشیک بچن کے ساتھ نظر آئیں۔ ونہی ملکہ شراوت بھی اپنی نئی فلم ’حِس’ کی تشہیر کے لیے کینز پہنچی ہوئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق شراوت فلم حِس کی ریلیز کی تاریخ کے اعلان کے ساتھ ساتھ ایک خصوصی رقص بھی پیش کریں گی۔ اِس سے قبل 2005ءمیں شراوت فلم‘ دِی میتھ’ کے پریمیئر کے لیے جیکی چین کے ساتھ آئیں تھی۔

چِواس کی برانڈ ایمباسڈر دیپیکا بھی فیشن ڈی زائنر روہت بال کی ڈ زائن کی ہوئی ساڑھی میں ملبوس نظر آئیں۔ یہ پہلی بار ہے جب دیپیکا نے کسی بین الاقوامی فلمی میلے میں شرکت کی ہے۔

XS
SM
MD
LG