رسائی کے لنکس

ٹی وی فنکار عائشہ عمر اور اظفر رحمٰن ٹریفک حادثے میں زخمی


دونوں فنکار شوٹنگ کے لئے کراچی سے حیدرآباد جا رہے تھے کہ صبح پانچ بجے سپرہائے وے پر ان کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا

ٹی وی ایکٹریس، ماڈل اور سنگر عائشہ عمر اپنے ساتھی فنکار اظفر رحمٰن کے ہمراہ کار میں کراچی سے حیدرآباد جاتے ہوئے سڑک کے ایک حادثے میں شدید زخمی ہوگئیں جبکہ اظفررحمٰن معمولی زخمی ہوئے۔

اے آر وائی نیوز، جیو نیوز اور دیگر پاکستانی ٹی وی اور آن لائن میڈیا نے عائشہ عمر کو پیش آنے والے حادثے کو بریکنگ نیوز کے طور پر نشر کیا۔ دونوں فنکار شوٹنگ کے لئے کراچی سے حیدرآباد جارہے تھے کہ صبح پانچ بجے سپرہائے وے پران کی گاڑی کو حادثہ پیش آگیا۔

حادثے میں عائشہ کی گاڑی مکمل طورپر تباہ ہوگئی۔ عائشہ عمر فریکچر کے باعث کراچی کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ اظفر کو جنہیں معمولی چوٹیں آئیں تھیں ابتدائی طبی امداد دے کر فارغ کر دیا گیا۔

گلوکار اور ہوسٹ فخر عالم نے ’ٹوئیٹر‘ پرعائشہ عمر اور اظفر کے پرستاروں کو حادثے کی خبر دیتے ہوئے دعا کی اپیل کی۔فخرعالم کا یہ بھی کہنا تھا کہ عائشہ کو ملٹی پل فریکچر ہوئے ہیں اور اظفر کی کالر بون پر چوٹ لگی ہے لیکن دونوں ہوش میں ہیں اور حالت تسلی بخش ہے۔

ٹی وی کے ورسٹائل ایکڑ فیصل قریشی نے بھی ٹوئیٹر پر پرستاروں سے اپنے ساتھی فنکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کرنے کی اپیل کی۔ فیصل کے بقول حادثہ بہت خوفناک تھا لیکن شکر ہے دونوں کی جان بچ گئی۔

XS
SM
MD
LG