رسائی کے لنکس

ترکی: کار بم دھماکے میں کم ازکم پانچ ہلاک


مرنے والوں میں پولیس اہلکاروں کے دو رشتہ دار بتائے جاتے ہیں جو رہائشی عمارت میں موجود تھے جب کہ تین لاشوں کو بعد ازاں ملبے سے نکالا گیا۔

ترکی کے جنوب مشرقی صوبہ دیارباقش میں پولیس کے مرکزی دفتر پر ہونے والے کار بم حملے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور تیس سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ ضلع چناش میں کار بم حملے کے بعد مشتبہ عسکریت پسندوں نے یہاں راکٹ داغے اور فائرنگ بھی کی۔

جمعرات کو گورنر کے دفتر نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مبینہ طور پر کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) نے رات دیر گئے پولیس اسٹیشن اور اہلکاروں کی رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا۔

مرنے والوں میں پولیس اہلکاروں کے دو رشتہ دار بتائے جاتے ہیں جو رہائشی عمارت میں موجود تھے جب کہ تین لاشوں کو بعد ازاں ملبے سے نکالا گیا۔

یہ کرد اکثریتی آبادی والا خطہ ہے اور یہاں حالیہ مہینوں میں تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

بیان کے مطابق کرد جنگجوؤں نے علاقے میں ایک اور سکیورٹی کمپلیکس پر بھی حملہ کیا جہاں اہلکاروں کے ساتھ ان کی جھڑپ بھی ہوئی۔ لیکن یہاں سے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔

ترکی، امریکہ اور یورپی یونین نے 'پی کے کے' کو دہشت گرد گروپ قرار دے رکھا ہے۔

یہ تازہ حملہ ایک ایسے وقت ہوا ہے جب دو روز قبل ہی استنبول میں ایک اہم سیاحتی مقام پر خودکش بم حملے میں دس جرمن سیاح ہلاک ہوگئے تھے۔ ترک حکام کے مطابق حملہ آور داعش سے وابستہ تھا۔

XS
SM
MD
LG