رسائی کے لنکس

ہالی ووڈ اداکارہ کیری فشر انتقال کرگئیں


کیری فشر منشیات کی عادی ہونے اور ہالی ووڈ کی کئی مرکزی شخصیات کے ساتھ اپنے معاشقوں کے باعث مسلسل تنازعات اور خبروں میں رہیں۔

ہالی ووڈ اداکارہ اور 'اسٹار وارز' فلموں میں پرنسس لیاہ کا کردار ادا کرنے والی کیری فشر انتقال کرگئی ہیں۔ ان کی عمر 60 برس تھی۔

کیری فشر برطانوی ٹی وی ڈرامے 'کیٹس ٹراف' کے تیسرے سیزن کی عکس بندی سے فراغت کے بعد جمعے کو لندن سے لاس اینجلس آرہی تھیں جب دورانِ پرواز انہیں دل کا دورہ پڑا تھا۔

انہیں جہاز میں ابتدائی طبی امداد کے بعد لاس اینجلس کے رونالڈ ریگن میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا تھا جہاں چار روز تک زیرِ علاج رہنے کے بعد منگل کی صبح ان کا انتقال ہوگیا۔

کیری فشر کے انتقال کا اعلان ان کی صاحبزادی نے منگل کو ایک بیان میں کیا جس کے بعد ان کے پرستاروں اور ساتھی فن کاروں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

کیری فشر اداکارہ ڈیبی رینالڈز اور گلوکار ایڈی فشر کی صاحبزادی تھیں جنہیں 'اسٹار وارز' سیریز میں پرنسس لیاہ کے کردار کے باعث شہرت ملی۔ انہوں نے چار دہائیوں سے زائد عرصے تک ہالی ووڈ کی درجنوں فلموں میں معاون اداکارہ کے طور پر کام کیا جب کہ کئی کتابیں بھی تحریر کیں۔

وہ منشیات کی عادی ہونے اور ہالی ووڈ کی کئی مرکزی شخصیات کے ساتھ اپنے معاشقوں کے باعث مسلسل تنازعات اور خبروں میں رہیں۔

کیری فشر کی تازہ ترین کتاب گزشتہ ماہ منظرِ عام پر آئی تھی جو 1976ء میں بننے والی"اسٹار وارز" کی پہلی فلم کی عکس بندی سے متعلق ان کی یادداشتوں پر مشتمل ہے۔

اپنی کتاب میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ 40 سال قبل فلم کی عکس بندی کے دوران ان کا اپنے ساتھی اداکار ہیری سن فورڈ کے ساتھ تین ماہ تک معاشقہ رہا تھا۔

اس فلم کی عکس بندی کے وقت کیری فشر کی عمر صرف 19 جب کہ ہیری سن فورڈ کی 33 برس تھی۔ فورڈ نے فلم میں خلائی جہاز کے پائلٹ ہان سولو کا کردار ادا کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG