اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف توہین آمیز اور نازیبا زبان استعمال کرنے پر انسداد دہشت گردی کی دفعات سمیت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
تھانہ سیکرٹریٹ اور ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل میں الگ الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں اور تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمے میں دیگر دفعات کے ساتھ انسداد دہشتگردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ فیصل رضا عابدی نے نجی ویب ٹی وی نیا پاکستان کے صبح کے پروگرام صبح صبح نیا پاکستان میں چیف جسٹس پاکستان کے خلاف دھمکی آمیز زبان استعمال کی۔
اس بارے میں نازیبا ریمارکس پر ترجمان سپریم کورٹ شاہد حسین کمبوہ کی مدعیت میں تحریری درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ نجی ویب ٹی وی کی اینکر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
ایف آئی اے سائبر کرائم سیل میں بھی اسی پروگرام کے حوالے سے ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کی خاتون سب انسپکٹر حمیرا اسلم کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس ایف آئی آر کے مطابق یہ پروگرام 2 جولائی 2018 کو ہوا تھا۔ اس پروگرام میں اعلیٰ عدلیہ کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی گئی۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اس مقدمہ کے اندراج میں ایف آئی اے کی طرف سے کوئی تاخیر نہیں کی گئی لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ 2 جولائی کو ہونے والے واقعہ کا مقدمہ 19 ستمبر کو کیوں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر میں درج پروگرام کے متن کے مطابق فیصل رضا عابدی نے ملک میں نئے ڈیم بنانے کے لیے قائم فنڈ اور لوٹی ہوئی دولت واپس لانے کے حوالے سے چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار پر تنقید کی تھی۔
فیصل رضا عابدی نے ٹیکس کی رقم جمع کرنے اور ملک میں لانے کے حوالے سے چیف جسٹس کے ریمارکس پر بھی نازیبا زبان استعمال کی اور انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔
نجی چینل فائیو کے ایک ٹاک شو میں انٹرویو پر فیصل رضا عابدی کے خلاف پہلے ہی سپریم کورٹ میں توہین عدالت کا مقدمہ زیر سماعت ہے جہاں پہلی پیشی میں ان کے وکیل نے پی سی او ججوں پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔ جس کے بعد چار ماہ گزرنے کے بعد بھی ان کا کیس سماعت کے لئے مقرر نہیں کیا گیا۔
ایف آئی اے سائبر سیل میں درج مقدمہ میں الیکٹرانک کرائم ایکٹ 2016 کی دفعہ10اے،11,20اور109,506 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جبکہ تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمہ 228/500,505(2) ,506,34 اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے بھی لگائی گئی ہے۔