رسائی کے لنکس

سی ڈی سی نے صحت سے متعلق 60 زبانوں میں ویب پیج لانچ کر دیا


امریکہ کے بیماریوں سے بچاؤ اور کنٹرول کے مرکز نے اپنے ویب پیج پر بیماریوں سے متعلق معلومات اور اعلانات اردو سمیت بہت سی دوسری زبانوں میں شائع کرنے شروع کر دیے ہیں۔ اس سے نہ صرف دوسرے ملکوں سے امریکہ آئے ہوئے افراد اپنی زبان میں معلومات حاصل کر سکیں گے بلکہ بیرونی دنیا کے لوگ بھی اس سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

بیماریوں سے بچاؤ اور کنٹرول کے مراکز، سی ڈی سی کی ویب سائٹ پر اس سے قبل صرف انگریزی اور ہسپانوی زبانوں میں معلومات شائع ہوتی تھیں۔

ہسپانوی امریکہ میں بولی جانے والی دوسری سب سے بڑی زبان ہے۔ ایک اندازے کے مطابق امریکہ میں ہسپانوی بولنے والوں کی تعداد ملک کی کل آبادی کا تقریباً 23 فی صد ہے جو سوا پانچ کروڑ نفوس کے لگ بھگ ہے۔

سی ڈی سی کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں اپنے ویب پر دوسری زبانوں کو شامل کرنے کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی، اس کا جواب یہ ہے کہ پہلے یہ معلومات انگریزی کے ساتھ صرف ہسپانوی زبان میں جاری کی جاتی تھیں، لیکن کوئی اور زبان بولنے والا شخص جب ہماری ویب سائٹ پر اپنی زبان میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتا تھا تو اسے ناکامی ہوتی تھی۔

ہم نے اس چیز کو محسوس کرتے ہوئے 60 زبانوں میں صحت اور بیماریوں سے متعلق معلومات فراہم کر دی ہیں جو ایک ہزار سے زیادہ موضوعات پر محیط ہیں۔ ان موضوعات میں ہنگامی صورت حال کے لیے خود کو تیار کرنا اور اس کا مقابلہ کرنا، مختلف بیماریاں، ان کی علامات، اور ان کے بارے میں اعداد و شمار، ماحولیات اور صحت، صحت مند زندگی گزارنے کے اصول، زخم اور حفاظت، تشدد اور اس سے تحفظ، زندگی کے ادوار اور آبادیات، سفر، صحت، کام کرنے کی جگہوں کے حفاظتی انتظامات اور دوسروں کی صحت شامل ہیں۔

صحت اور بیماریوں سے متعلق معلومات سی ڈی سی کی اس ویب سائٹ پر حاصل کی جا سکتی ہیں۔

https://wwwn.cdc.gov/pubs/other-languages

اس وقت سی ڈی سی کے ویب پیج پر اردو میں ذیابیطس سے متعلق تفصیلی معلومات کتابچے کی شکل میں فراہم کی گئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG