رسائی کے لنکس

سینچورین ٹیسٹ: جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا


سینچورین ٹیسٹ کے تیسرے روز 149رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کا آغاز ڈرامائی انداز میں ہوا اور حسن علی نے صفر پر مارکرم کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔

ویب ڈیسک: جنوبی افریقہ میں پاکستانی بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کے باعث جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔

میچ کے تیسرے روز 149 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کا آغاز ڈرامائی انداز میں ہوا اور حسن علی نے صفر پر مارکرم کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔

بڑے نقصان کے بعد آؤٹ آف فارم بیٹسمین ہاشم آملہ بیٹنگ کے لئے آئے۔ وہ شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نہ صرف فارم میں واپس آئے اور ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 40ویں نصف سنچری اسکور کی بلکہ ڈین ایلگر کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں119 رنز بناکرٹیم کی فتح کو یقینی بھی بنا دیا۔

ایلگر 50 رنز بنا کر شان مسعود کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، ٹیسٹ کرکٹ میں اُن کی 13ویں نصف سنچری ہے۔

ایلگر کے بعد بروئین بیٹنگ کے لئے آئے لیکن وہ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 10 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

جنوبی افریقا کے کپتان ڈوپلیسی سرفراز احمد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دوسری اننگز میں بھی صفر پر آؤٹ ہوئے۔

یوں جنوبی افریقہ نے مطلوبہ ہدف 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے میچ 6 وکٹوں سے اپنے نام کر لیا۔

شاندار بولنگ پرفارمنس پر اولیویئر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جبکہ ہاشم آملہ نے ناقابل شکست 63 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا۔

آخری اسکور یہ رہا۔ پاکستان 181 اور 190 رنز۔ جنوبی افریقہ 223 اور 151رنز 4 کھلاڑی آؤٹ۔

سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 3 جنوری سے کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG