رسائی کے لنکس

انٹرنیٹ پر پاکستانی 'چائے والا' کی دھوم


اس ٹرینڈ کے تحت پاکستان اور بھارت کے خاص طور پر ٹوئٹر صارفین کے دلچسپ تبصرے سامنے آرہے ہیں۔

شہرت کی دیوی کسی پر کسی بھی وقت مہربان ہو سکتی ہے اور اس کے لیے مخصوص حالات کا ہونا ہر گز ضروری نہیں۔

اس کی تازہ ترین مثال سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر گردش کرنے والی اسلام آباد کے ایک نوجوان چائے فروش (چائے والا) کی تصویر ہے جس کا تذکرہ انٹرنیٹ کے بعد اب پاکستانی ٹی وی چینلز پر بھی بھرپور طریقے سے کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد کے رعائتی بازار (اتوار بازار) میں چائے بیچنے والے نوجوان کا نام ارشد خان ہے اور اس کا تعلق شمال مغربی شہر مردان سے بتایا جاتا ہے جو روزی کی تلاش میں اسلام آباد منتقل ہوا۔

جویریہ علی نامی ایک فوٹوگرافر نے اس کی تصویر بنا کر پہلی بار انسٹاگرام پر شیئر کی جہاں سے چائے والا #ChaiWala نے ٹرینڈ کی صورت اختیار کی اور دیکھتے ہی دیکھتے اس کا تذکرہ مختلف ممالک کے انٹرنیٹ صارفین بھی کرنے لگے۔

اس ٹرینڈ کے تحت پاکستان اور بھارت کے خاص طور پر ٹوئٹر صارفین کے دلچسپ تبصرے سامنے آرہے ہیں۔

پاکستانیوں کی طرف سے یہ کہا جا رہا ہے کہ ان کا #ChaiWala بھارتی اداکاروں سے زیادہ خوبرو ہے جب کہ ایک بھارتی ٹوئٹر صارف نے یہ تصویر لگا کر یہ تبصرہ کیا ہے کہ بھارت میں کام نہ ملنے کے باعث پاکستانی فنکار بے روزگاری میں یہ کام کر رہے ہیں۔

منگل کو بعض پاکستانی نجی ٹی وی چینلز بھی ارشد خان پر رپورٹس بنا ڈالیں جس میں یہ نوجوان یہ کہتا بھی دکھائی دیا کہ اس سارے معاملے سے وہ خوش تو ہے لیکن اس سے اس کے کام کا بہت حرج ہو رہا ہے اور اگر کام نہیں ہوگا تو پھر وہ کھائے گا کہاں سے۔

سماجی رابطوں پر یہ موضوع بھی زیر بحث ہے کہ آیا شہرت ملنے کے بعد اب یہ نوجوان مستقبل میں بھی صرف چائے ہی بنائے گا یا شہرت کے ساتھ ساتھ قسمت کی دیوی بھی اس پر مہربان ہو گی؟

اس سے قبل بھی سماجی رابطوں پر گمنام گلوکار یا پھر گڑوی بجا کر روزی کمانے والی لڑکیوں کی وڈیو انھیں شہرت دلا چکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG