رسائی کے لنکس

جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 67 رنز سے ہرادیا


اگر ویسٹ انڈیز اپنے اگلے دونوں گروپ میچز جیت جائے اور پاکستان اپنے اگلے میچ میں بھارت کو شکست دیدے تو قومی ٹیم کی ایونٹ کے اگلے مرحلے میں رسائی کی امید پیدا ہوسکتی ہے۔

'آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی' کرکٹ ٹورنامنٹ کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 67 رنز سے شکست دیدی ہے۔

انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں پیر کو کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 234 رنز بنائے تھے۔

جواباً پاکستان کی بیٹنگ لائن مسلسل دوسرے میچ میں بھی ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 45 ویں اوور میں صرف 167 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف گزشتہ میچ کی طرح اس میچ میں بھی پاکستان کے ٹاپ اسکورر کپتان مصباح الحق رہے جنہوں نے 55 رنز بنائے۔

لیکن پچھلے میچ کی طرح اس بار بھی مصباح کی اسکورنگ پاکستان کو میچ میں فتح نہ دلاسکی کیوں کہ ناصر جمشید کے 42 رنز کے علاوہ قومی ٹیم کا کوئی اور بلے باز قابلِ ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔

رائن میکلارن 4 وکٹوں کے ساتھ اپنی ٹیم کے کامیاب ترین بالر رہے جب کہ لینوابوسوٹسوبو اور کرس مورس نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

آج کی شکست کے بعد پاکستان کی ایونٹ کے اگلے رائونڈ تک رسائی کی امیدیں موہوم ہوگئی ہیں کیوں کہ اس سے قبل قومی ٹیم کو ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

لیکن اگر ویسٹ انڈیز اپنے اگلے دونوں گروپ میچز جیت جائے اور پاکستان اپنے اگلے میچ میں بھارت کو شکست دیدے تو ٹورنامنٹ میں مسلسل دو میچ ہارنے کے باوجود قومی ٹیم کی ایونٹ کے اگلے مرحلے میں رسائی کی امید پیدا ہوسکتی ہے۔

ایسا ہونے کی صورت میں ویسٹ انڈیز کے علاوہ 'گروپ – بی' کی باقی تینوں ٹیمیں – پاکستان، بھارت اور جنوبی افریقہ – ایک، ایک میچ جیت کر برابر، برابر کھڑی ہوں گی اور اگلے مرحلے میں جانے والی ٹیم کا فیصلہ 'نیٹ رن ریٹ' کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

پیر کو کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ کی طرف سے اننگز کا آغاز ہاشم آملا اور کولن انگرام نے کیا تھا۔ ہاشم آملا نے 9 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے اور ٹاپ اسکورر رہے۔ انہیں محمد حفیظ نے 32 ویں اوور میں آؤٹ کیا تو جنوبی افریقہ کا مجموعی اسکور تین وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز تھا۔

آملا کے آئوٹ ہونے کے بعد بھی جنوبی افریقہ کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔ کپتان اے بی ڈی ویلیئرز 31 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے۔

محمد عرفان، جنید خان، محمد حفیظ، سعید اجمل اور شعیب ملک نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ پاکستان اب تک کھیلے جانے والے چھ چیمپیئنز ٹرافی ٹورنامنٹس میں سے کسی ایک کے فائنل تک بھی نہیں پہنچا ہے۔
XS
SM
MD
LG