رسائی کے لنکس

بھارت: ظہیر، ہر بجن اور یووراج سنگھ ڈراپ


ہربجن اور یووراج سنگھ (فائل فوٹو)
ہربجن اور یووراج سنگھ (فائل فوٹو)

انگلینڈ کے ہاتھوں مسلسل دو ٹیسٹ ہارنے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے ناگ پور ٹیسٹ میں پرویندر آوانا رویندر جدیجا اور پیوش چاولہ کو موقع دینے کا اعلان کر دیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں تین تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
بی سی سی آئی کی ویب سائیٹ پر جاری پریس ریلیز کے مطابق فاسٹ باؤلر ظہیر خان، آل راؤونڈر یووراج سنگھ اور آف اسپنر ہر بجن سنگھ کو ٹیم سے باہر رکھا گیا ہے۔

ظہیر خان کی جگہ فاسٹ باؤلر پرویندر آوانا اور یوراج سنگھ کی جگہ آل راؤنڈر رویندر جدیجا پہلی بار بھارت کی نمائندگی کریں گے۔ ہر بجن سنگھ کی جگہ پیوش چاولہ اسپن باؤلنگ کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔

نئے شامل کیے جانے والے تینوں کھلاڑیوں کو فرسٹ کلاس کرکٹ میں بہترین کارکردگی کی بنیاد پر بھارتی کرکٹ ٹیم کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کرکٹ ٹیم کی موجودہ کارکردگی کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے۔ ٹیم پر یہ دباؤ ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب بھارتی ٹیم رواں ماہ ہی پاکستان کے خلاف کرکٹ سیریز کی میزبانی کرنے جا رہی ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان دھونی بھی سخت دباؤ کا شکار ہیں۔ سابق بھارتی کپتان راہول ڈراوڈ نے بھی ایک بھارتی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر سخت تنقید کی ہے۔

دھونی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناگ پور ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کا عزم کیا ہے

بھارتی ٹیم 1987ء میں ویسٹ انڈیز سے تین صفر سے ہوم سیریز ہاری تھی اور اگر بھارتی ٹیم ناگ پور ٹیسٹ ہار گئی تو یہ اس کی گذشتہ انتیس سال میں ہوم گراؤنڈ پر پہلی بڑی شکست ہو گی۔
XS
SM
MD
LG