رسائی کے لنکس

آسٹریلیا: قدیم آبادی کی تاریخ تسلیم کرتے ہوئے قومی ترانے میں ترمیم


فائل فوٹو
فائل فوٹو

آسٹریلیا نے 140 سال بعد اپنے قومی ترانے کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ آسٹریلوی حکومت نے آبائی لوگوں کی تاریخ کی عکاسی کرنے والی تبدیلی کو قومی یکجہتی کے لیے خیرسگالی کا اقدام قرار دیا ہے۔

آسٹریلیا میں طویل عرصے سے ہزاروں برسوں سے آباد مقامی لوگوں کی تاریخ کو 'ایڈوانس آسٹریلیا فیئر' نامی قومی ترانے میں شامل کرنے کے لیے مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔

یاد رہے کہ 1984 تک آسٹریلیا کا قومی ترانہ برطانیہ کا "گاڈ سیو دی کوین" تھا۔ اس سال کے بعد 'ایڈوانس آسٹریلیا فیئر' کو ملک کے قومی ترانے کے طور پر اپنایا گیا تھا۔

1878 میں تحریر کیے گئے اس ترانے کے بول جدید آسٹریلیا کی عکاسی کرتے تھے جس پر آسٹریلیا کی قدیم آبادی سالہا سال سے اعتراض اُٹھاتے ہوئے اسے تبدیل کرنے پر زور دے رہی تھی۔

پہلے ترانے کے بول کچھ اس طرح تھے "آسٹریلیا کے لوگوں آؤ خوشی منائیں کہ ہم جوان اور آزاد ہیں۔" لیکن یہ ترانہ تمام لوگوں میں یکساں مقبولیت حاصل نہیں کر سکا تھا۔

بہت سے آبائی آسٹریلوی لوگوں کی نظر میں یہ سامراجی دور کا ترانہ ہے کیوں کہ یہ مقامی لوگوں کی اس خطۂ ارض پر ہزاروں سالوں پر محیط تمدن اور تاریخ کو نظر انداز کرتا ہے۔

ان اعتراضات کے پیشِ نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ترانے کی دوسری سطر کو "ہم جوان اور آزاد ہیں کے بجائے "ہم ایک اور آزاد ہیں" سے تبدیل کر دیا جائے گا۔

آسٹریلوی وزیِر اعظم اسکاٹ موریسن نے اسے ایک چھوٹی مگر اہم تبدیلی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ لوگوں کے احساسات کی ترجمانی کرتا ہے اور اسے عوامی پذیرائی بھی حاصل ہے۔

وہ مزید کہتے ہیں کہ ہو سکتا ہے کچھ لوگ اعتراض کریں گے کہ یہ کوئی خاص تبدیلی نہیں ہے جب کہ کچھ لوگوں کے نزدیک یہ ایک بڑی تبدیلی ہے اور یہی جمہوریت کا حسن ہے۔

کچھ آبائی لوگوں نے اس تبدیلی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ اُن کے بقول یہ ان کی 65 ہزار سالہ تاریخ کو تسلیم کرنے کی طرف ایک پیش رفت ہے اور ان کے نزدیک یہ علامتی تبدیلی خاصی اہمیت کی حامل ہے۔

تاہم آسٹریلیا کے حزبِ اختلاف کے رہنما کہتے ہیں کہ یہ ایک کھوکھلا اقدام ہے کیوں کہ پہلی قوموں کے مقامی لوگوں کو تسلیم کیے بغیر ترانے میں ایک لفظ کی تبدیلی کوئی خاص معنی نہیں رکھتی۔

ترانے کے حوالے سے ایک دلچسب بات یہ ہے کہ آبائی لوگ اسے اپنی زبان میں ادا کرتے ہیں۔

آسٹریلیا کے سمندر پار ہمسایہ ملک نیوزی لینڈ میں دو ترانے پڑھے جاتے ہیں۔

ایک "خدا ملکہ برطانیہ کو بحفاظت رکھے" کا ترانہ ہے جب کہ دوسرا "خدا نیوزی لینڈ کی حفاظت کرے" کا ترانہ ہے۔ یہ ترانہ انگریزی اور آبائی زبانوں میں پڑھا جاتا ہے۔

XS
SM
MD
LG