رسائی کے لنکس

چوہدری محمد سرور گورنر پنجاب؛ اسد قیصر اسپیکر قومی اسمبلی نامزد


پاکستان تحریک انصاف نے اعلان کیا ہے کہ چوہدری محمد سرور کو گورنر پنجاب اور اسد قیصر کو قومی اسمبلی میں اسپیکر کے لیے نامزد کر دیا گیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اسد قیصر قومی اسمبلی میں اسپیکر کے امیدوار ہوں گے۔

اسلام آباد میں بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسد قیصر پختونخواہ اسمبلی میں 5 سال اسپیکر رہے۔ وہ پارلیمانی آداب اور روایات سے واقف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسد قیصر کا پختونخواہ اسمبلی میں اپوزیشن کے ساتھ بھی اچھا رویہ تھا؛ اور یہ کہ عمران خان نے اسد قیصر کے تجربے کو سامنے رکھتے ہوئے اسپیکر کا فیصلہ کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ چوہدری محمد سرور کو گورنر پنجاب کے لیے نامزد کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری محمد سرور بطور گورنر پنجاب وفاق کی نمائندگی کریں گے۔ چوہدری سرور پنجاب کی سیاست سے بخوبی واقف ہیں، ان کے سیاسی تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کو واضح اکثریت حاصل ہوچکی ہے، تحریک انصاف پنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔

شاہ محمود نے کہا کہ 13 اگست کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا ہے، اُسی روز عمران خان قومی اسمبلی کے منتخب ارکان کو مدعو کریں گے۔ اُنھوں نے کہا کہ ’’قومی اسمبلی میں حمایت کرنے والی جماعتوں کا پھر سے شکریہ ادا کرتے ہیں‘‘۔

انہوں نے کہا کہ ’’بی این پی مینگل، بلوچستان عوامی پارٹی کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں، شیخ رشید، ایم کیو ایم، مسلم لیگ ق کے بھی مشکور ہیں‘‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’’کراچی کی ترقی، بہتری کے لیے ایم کیو ایم سے ایم او یو سائن کیا ہے۔ پارٹی، اتحادی ممبران کو عمران خان کی طرف سے دعوت دیتا ہوں۔ مختلف ریجنز کے ممبران سے رابطہ رکھنے کے لیے کچھ لوگوں کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں‘‘۔

شاہ محمود نے کہا کہ ’’فاٹا اور پختونخواہ کے منتخب ارکان اسمبلی سے رابطے کے لیے پرویز خٹک کو ذمہ داری دی ہے؛ جب کہ سندھ کے ارکان سے رابطہ رکھنے کے لیے عارف علوی کو ذمہ داری دی گئی ہے۔ سینٹرل پنجاب کے ممبران سے شفقت محمود رابطہ رکھیں گے، مغربی پنجاب کے ممبران سے چوہدری سرور رابطے میں رہیں گے، ’شمالی پنجاب کے ممبران سے عامر کیانی رابطے میں رہیں گے، جنوبی پنجاب کے ممبران سے میں رابطے میں رہوں گا‘‘۔

پنجاب کے نامزد گورنر چوہدری سرور پاکستان مسلم لیگ(ن) کی طرف سے گورنر رہ چکے ہیں۔ لیکن، انہوں نے اپنی گورنری کے دوران پاکستان مسلم لیگ(ن) چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی تھی۔

خیبرپختونخواہ میں نامزد اسپیکر اسد قیصر پرویز خٹک کے دور میں پانچ سال تک اسمبلی کے اسپیکر رہے۔

XS
SM
MD
LG