رسائی کے لنکس

شکاگو: اسپتال میں فائرنگ سے چار افراد ہلاک


فائرنگ کے واقعے کے بعد اسپتال کے باہر پولیس موجود ہے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد اسپتال کے باہر پولیس موجود ہے۔

حملہ آور نے بعد ازاں موقع پر پہنچنے والے پولیس اہلکاروں پر بھی فائرنگ کی اور ملزم اور پولیس اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کئی منٹ تک جاری رہا۔

امریکہ کے شہر شکاگو کے ایک اسپتال میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے حملہ آور بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ شہر کے جنوبی حصے میں واقع مرسی اسپتال میں پیر کی شب پیش آیا۔ ہلاک ہونے والوں میں اسپتال کے ہنگامی طبی امداد کے شعبے سے منسلک خاتون ڈاکٹر تمارا اونیل اور شعبہ فارمیسی کی ایک رکن ڈینا لیس شامل ہیں۔

پولیس نے بتایا ہے کہ حملہ آور اور ڈاکٹر اونیل کے درمیان خانگی جھگڑا تھا اور دونوں کے درمیان اسپتال کی پارکنگ میں تلخ کلامی ہوئی تھی جس پر حملہ آور نے طیش میں آکر ڈاکٹر اونیل کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

بعد ازاں حملہ آور پولیس سے بچنے کے لیے اسپتال میں داخل ہوگیا جہاں اس نے تعاقب میں آنے والے پولیس اہلکار سیموئل جمینیز اور خاتون فارمسسٹ کو بھی فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

حملہ آور نے بعد ازاں موقع پر پہنچنے والے پولیس اہلکاروں پر بھی فائرنگ کی اور ملزم اور پولیس اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کئی منٹ تک جاری رہا۔

پولیس نے تاحال حملہ آور کی شناخت ظاہرنہیں کی ہے اور نہ ہی یہ واضح ہوسکا ہے کہ ملزم پولیس کی فائرنگ سے مارا گیا یا اس نے خود کشی کی۔

پولیس کے مطابق ملزم کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار معمولی زخمی بھی ہوا ہے۔

شکاگو کا شمار جرائم کی تعداد کے اعتبار سے امریکہ کے سرِ فہرست شہروں میں ہوتا ہے تاہم شہر میں پرتشدد واقعات میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔

سال 2016ء کے دوران شکاگو میں 762 قتل ہوئے تھے لیکن 2017ء کے دوران یہ تعداد کم ہو کر 650 رہ گئی تھی۔

شکاگو پولیس کے مطابق رواں سال 11 نومبر تک شہر میں 488 قتل ریکارڈ ہوچکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG