چین کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ ملک کے شمال مشرقی حصے میں حادثے کا شکار ہونے والے مسافر طیارے کے ملبے میں سے 42 مسافروں کی نعشیں نکال لی گئی ہیں۔ طیارہ رن وے سے ٹکرا کر شعلوں کی لپیٹ میں آنے کے بعد پھٹ گیا تھا۔
سنہوا نیوز ایجنسی نے عہدے داروں کے حوالے سے کہا ہے کہ 49 مسافروں کو جہاز سے نکال کر اسپتال میں پہنچا دیا گیا ہے۔ خبروں کے مطابق تین مسافر شدید زخمی ہیں۔
رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ ہنان ایئر لائنز کا یہ مسافر طیارہ گہری دھند میں صوبے ہیونگ جیانگ کے شہر یی چن کے ایک ہوائی اڈے پر اترتے ہوئے حادثے کی نذر ہوگیا تھا۔
طیارے نے مقامی وقت کے مطابق منگل کی صبح نو بجے ہاربن شہر سے پرواز کی تھی اور ایک گھنٹے کے کچھ ہی دیر بعد حادثے کا نشانہ بن گیا۔
سنہوا کا کہنا ہے کہ جہاز پر 91 مسافر اور عملے کے پانچ افراد سوار تھے ، جب کہ دوسری اطلاعات کے مطابق طیارے پر سوار افراد کی کل تعداد 91 تھی۔
خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ طیارے پر پانچ بچے بھی سوار تھے ، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ آیا وہ حادثے میں محفوظ رہے یا نہیں۔
طیارے کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ برازیل کا بناہو ای-190 ماڈل کا جہاز تھا جس میں 98 سے 114 تک مسافر لے جانے کی گنجائش ہوتی ہے۔
ہنان ایئر لائنز شمالی چین کی ایک علاقائی کمپنی ہے جو 2007ء میں قائم کی گئی تھی۔