رسائی کے لنکس

چین میں کمیونسٹ پارٹی کے دفتر کے باہر بم دھماکے، ایک ہلاک


حکام کو جائے وقوع سے بال بیرنگ ملے ہیں جس سے باور کیا جا رہا ہے کہ یہ دھماکے "دیسی ساختہ" بم کے تھے۔

چین کے شمالی شہر میں کمیونسٹ پارٹی کے دفتر کے باہر کم شدت کے متعدد دھماکے ہوئے جس میں ایک شخص ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق یہ دھماکے بدھ کی صبح شانزی کی صوبائی کمیٹی کے دفتر کے باہر ہوئے۔

حکام کو جائے وقوع سے ’بال بیرنگ‘ ملے ہیں جس سے باور کیا جا رہا ہے کہ یہ دھماکے "دیسی ساختہ" بم کے تھے۔ ایک عینی شاہد نے ژنہوا کو بتایا کہ اس نے جائے وقوع پر ایک چھوٹی وین میں دھماکا ہوتے ہوئے دیکھا۔

پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے تاہم اس کے محرکات کے بارے میں کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

ایک دوسرے عینی شاہد نے ژنہوا کو بتایا کہ وہ ٹریفک سنگل پر رکا ہوا تھا جب عمارت کے باہر دھماکا ہوا۔ بعض دیگر افراد کا کہنا ہے کہ کم از کم سات دھماکوں کی آواز سنی گئی۔

سوشل میڈیا پر شائع ہونے والی تصاویر کے مطابق دھماکوں سے کئی گاڑیوں کو بھی معمولی نقصان پہنچا۔

پولیس نے علاقے کو ’سیل‘ کر دیا ہے۔ جس مقام پر یہ دھماکے ہوئے وہاں عموماً صبح کے اوقات میں خاصا رش ہوتا ہے۔

اس واقعے سے ایک ہفتہ قبل بیجنگ کے تیاینمین اسکوائر میں ایک کار بم دھماکا ہوا۔

پولیس کے مطابق سنکیانگ سے تعلق رکھنے والے تین افراد نے تیانینمین اسکوائر میں سیاحوں کے قریب جا کر گاڑی ہجوم سے ٹکرانے کے بعد اُسے نذر آتش کر دیا۔

حکام کے مطابق گاڑی میں موجود تینوں افراد کے علاوہ دو سیاح بھی ہلاک ہو گئے جب کہ لگ بھگ ایک درجن افراد زخمی بھی ہوئے۔
XS
SM
MD
LG