رسائی کے لنکس

چین: پانڈوں کی افزائشی مرکز سے جنگل منتقلی


چین: پانڈوں کی افزائشی مرکز سے جنگل منتقلی
چین: پانڈوں کی افزائشی مرکز سے جنگل منتقلی

نشریاتی اداروں کی جانب سےجاری کی گئی ویڈیو فوٹیج میں 20 کلومیٹر رقبے پہ پھیلے ہوئے اس جنگل نما ماحول میں منتقلی کے بعد پانڈوں کو کھیلتے اور بانس کھاتے ہوئے دکھایا گیا ہے

چینی حکام نے سرکاری اہلکاروں کی نگرانی میں افزائش کیے گئےپانڈوں کو جنوب مغربی صوبے سیچوان میں بنائے گئے ایک محفوظ قدرتی مقام پر منتقل کرنا شروع کردیا ہے تاکہ معدومی کے خطرے سے دوچار ان جانوروں کو قدرتی ماحول میں رہن سہن کا عادی کیا جاسکے۔

پانڈوں کی محفوظ رہائش کے لیے مختص کیا گیا جنگل صوبے کےمرکزی شہر چینگ ڈو کے شمال مشرق میں واقع ہے جس کا افتتاح بدھ کو حکام اور پانڈوں پرتحقیق کرنے والے سائنس دانوں نے یائو منگ نامی 'باسکٹ بال آئیکن' سمیت چھ پانڈوں کو وہاں منتقل کرکے کیا۔

نشریاتی اداروں کی جانب سےجاری کی گئی ویڈیو فوٹیج میں 20 کلومیٹر رقبے پہ پھیلے ہوئے اس جنگل نما ماحول میں منتقلی کے بعد پانڈوں کو کھیلتے اور بانس کھاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہےکہ صوبائی دارالحکومت میں قائم افزائشی مرکز میں موجود 108 پانڈوں میں سے جنگل منتقلی کے لیے ان چھ پانڈوں کا انتخاب ان کی صحت، رویے اور نسلی حوالوں کو مدِ نظر رکھ کر کیا گیا ہے۔

چینگ ڈو میں قائم تحقیقاتی مرکز کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ جنگل منتقل کیے گئے پانڈوں کی دیکھ بھال کے لیے بھی عملہ مختص کیا گیا ہے کیوں کہ مذکورہ پانڈے اپنی خوراک اور پانی کے حصول کے لیے انسانی مدد کے محتاج ہیں۔

تاہم عہدیدار کے مطابق ان پانڈوں کو آہستہ آہستہ آزادانہ زندگی گزارنے کا عادی کیا جائے گا۔

بڑی نسل کے ان پانڈوں کو چین میں قومی خزانے کی سی اہمیت دی جاتی ہے اور حالیہ چند دہائیوں کے دوران انہیں معدومی سے بچانے کے لیے بڑی کوششیں کی گئی ہیں۔

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود جنگلوں میں اب لگ بھگ 1600 کے قریب پانڈے موجود ہیں جب کہ دیگر 300 کی سرکاری مراکز میں پرورش کی جارہی ہے۔

XS
SM
MD
LG