رسائی کے لنکس

چین کا سنکیانگ میں 13 ہزار 'دہشت گرد' گرفتار کرنے کا دعویٰ


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

چین میں حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ پانچ برسوں کے دوران سنکیانگ میں تقریباً 13 ہزار 'دہشت گرد' گرفتار کیے گئے ہیں۔

یہ دعویٰ چینی حکومت نے شورش زدہ مغربی صوبے سنکیانگ میں انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے متنازع پالسی کے دفاع میں کیا ہے۔

چین نے اس حوالے سے ایک پالیسی پیپرز بھی جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 2014ء سے اب تک ہزاروں دہشت گردوں کو حراست میں لیا گیا۔

چین کو متازع مراکز قائم کرنے پر بین الاقوامی سطح پر خفت کا سامنا کرنا پڑا ہے جنھیں اقوام متحدہ کے ماہرین حراستی مراکز قرار دیتے ہیں۔

ایک اندازے کے مطابق ان مراکز میں 10 لاکھ سے زائد ویغور مسلمان برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کو مبینہ طور پر حراست میں رکھا گیا ہے۔

بیجنگ کا کہنا ہے کہ اسلامی عسکریت پسندی کے خطرے کے تدارک کے لیے ایسے اقدامات ضروری ہیں اور چینی حکام انہیں پیشہ ورانہ تربیت کے مراکز قرار دیتے ہیں۔

چینی حکومت نے پالیسی پیپر میں کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے حکام نے ایک ایسی پالیسی اختیار کی ہے جس میں "سزا اور جزا کا توازن قائم رکھا گیا ہے۔"

اس دستاویز کے مطابق 2014ء سے سنکیانگ کے حکام نے "1588 تشدد اور دہشت گردی میں ملوث گروہوں کو ختم کیا ہے، لگ بھگ 13 ہزار دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے اور 2 ہزار سے زائد دھماکہ خیز آلات کو تحویل میں لے لیا ہے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ چینی حکام نے 30 ہزار افراد کو مبینہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے جرم میں سزا دی۔

دوسری طرف ویغو ر مسلمان کی تنظیم ورلڈ ویغور کانگرس نے چین کی طرف سے جاری کی جانے والے رپورٹ کو مسترد کر دیا ہے۔

ویغور کی تنظیم کے ترجمان نے ای میل کے ذریعے رائٹرز کو جاری کیے ایک بیان میں کہا کہ "چین جان بوجھ کر حقائق کو مسخ کر رہا ہے"۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ "انسداد دہشت گردی کو جواز بنا کر ویغور برادری کو دبایا جا رہا ہے اور ان کے بقول نام نہاد انتہا پسندی کے تدارک کے اقدامات ان کے عقیدے کو ختم کرنا ہے"۔

انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں چین میں ویغور برادری کے لیے قائم ان مراکز پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اذیت رسانی اور سزاد دینے کے مراکز قرار دیتی ہیں۔

تاہم چینی حکام تحفظات کو مسترد کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ سنکیانگ اور دیگر چینی علاقوں میں امن و امان قائم کرنے کے لئے کیے جانے والے اقدامات کا مقصد سنکیانگ میں علیحدگی پسند اور انتہا پسند عناصر کی ریاست مخالف سرگرمیوں کو روکنا ہے۔

XS
SM
MD
LG