رسائی کے لنکس

سوڈان: مغوی چینی باشندوں کی جلد رہائی کا امکان


سوڈان: مغوی چینی باشندوں کی جلد رہائی کا امکان
سوڈان: مغوی چینی باشندوں کی جلد رہائی کا امکان

سوڈان کی ایک باغی تنظیم نے ان 29 چینی باشندوں کو جلد رہا کرنے کا اعلان کیا ہے جنہیں تنظیم کے مسلح باغیوں نے ایک ہفتے قبل جنوبی کردوفان نامی ریاست سے اغوا کرلیا تھا۔

'سوڈان پیپلز لبریشن موومنٹ – نارتھ' نامی تنظیم کے ایک ترجمان نے پیر کو کہا ہے کہ باغی گروپ چینی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے۔

قبل ازیں چینی وزارتِ خارجہ نے مغوی باشندوں سے فون پر رابطہ قائم ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ مغوی بہتر صورتِ حال میں ہیں۔

چینی باشندوں کو جنوری کے آخری ہفتے میں ریاست کردوفان میں قائم ایک چینی تعمیراتی کمپنی کے کیمپ سے اغوا کرلیا گیا تھا جو نوآزاد مملکت جنوبی سوڈان کی سرحد سے ملحق اس ریاست میں ایک سڑک تعمیر کر رہی ہے۔

اغواکارتنظیم کی وفاداریاں روایتی طور پر جنوبی سوڈان کے ساتھ ہیں اور انہوں نے حالیہ برسوں کے دوران سوڈانی مفادات پر کئی حملے کیے ہیں۔

حالیہ چند ماہ کے دوران سوڈانی افواج کی جانب سے باغیوں کے خلاف حملوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے سبب ہزاروں افراد علاقے سے نقل مکانی کرکے پناہ کی تلاش میں جنوبی سوڈان جاچکے ہیں۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ چین نے حالیہ چند برسوں میں افریقی ممالک میں سڑکوں کی تعمیرات، قدرتی ذخائر کی تلاش اور دیگر منصوبوں میں اپنی سرمایہ کاری میں کئی گنا اضافہ کیا ہے۔ چینی کمپنیاں خطے کے ایسے علاقوں میں بھی کام کر رہی ہیں جنہیں مغربی کمپنیاں خطرناک تصور کرتے ہوئے وہاں جانے سے احتراز برتتی ہیں۔

سوڈانی حکام کا کہنا ہے کہ ان کے ملک میں 100 زائد چینی کمپنیاں اور 10 ہزار سے زائد چینی باشندے مختلف منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ 2004 ءسے اب تک اس افریقی ملک میں چینی باشندوں کے اغوا کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

XS
SM
MD
LG