رسائی کے لنکس

تائیوان کوامریکی اسلحہ کی فروخت پر چین کی تشویش


امریکی عہدے داروں نے جمعے کے روز اعلان کیا تھا کہ امریکہ تائیوان کے ہاتھ چھ ارب 40 کروڑ ڈالر کا فوجی سازو سامان فروخت کرے گا


چین کے وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ تائیوان کو اسلحہ فروخت کر نے کے امریکی منصوبے، چین کی قومی سلامتی اور اُس کی ملک کو دوبارہ متحد کرنےکی کوششوں کے لیے نقصان دہ ہیں۔

وزیرِ خارجہ یانگ چَئے چھی نے اینے بیان میں، جسے اتوار کے روز رپورٹ کیا گیا ہے، ہفتے کے دن قبرص میں کہا تھا کہ چین اسلحہ کی اس فروخت کی سختی کے ساتھ مخالفت کرتا ہے جو اُن کے کہنے کے مطابق آبنائے تائیوان کے آر پار امن کے فروغ کے لیے امریکہ کے وعدے کے برعکس ہے۔

امریکی محکہ خارجہ کے ایک ترجمان نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ تائیوان کے بارے میں امریکی پالیسی سے علاقے میں استحکام اور سلامتی کو تقویت ملتی ہے۔

امریکی عہدے داروں نے جمعے کے روز اعلان کیا تھا کہ امریکہ تائیوان کے ہاتھ چھ ارب 40 کروڑ ڈالر کا فوجی سازو سامان فروخت کرے گا۔

چین کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ اس فوخت سے چین اور امریکہ کے درمیان تعاون کو شدید نقصان پہنچے گا۔


ہفتے کے روز چین نے اعلان کیا تھا کہ وہ امریکہ کے ساتھ فوجی وفود کے تبادلوں اور سلامتی کے مسائل پر مذاکرات کو معطّل کررہا ہے۔ چین نےتائیوان کو اسلحہ فروخت کرنے والی امریکی کمپنیوں کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔

تائیوان میں صدر ما یِنگ چِیو نے کہا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب تائیوان چین کے سوادِ اعظم کے ساتھ زیادہ قریبی اقتصادی تعلقات کو فروغ دے رہا ہے، اسلحہ کے اس سودے سے جزیرے کے دفاع کو تقویت ملے گی اور یہ تحفظ کا ایک احساس فراہم کرے گا۔

چین کے نائب وزیرِ خارجہ ہی یا فئى نے ہفتے کے روز بیجنگ میں امریکہ کے سفیر جان ہنٹس مین کو طلب کرکے باضابطہ احتجاج کیا۔ انہوں نے واشنگٹن پر زور دیا کہ وہ اس سودے کومنسوخ کردے، جسے انہوں نے چین کی قومی سلامتی کے لیے ایک خطرہ قرار دیا۔

1949میں تائیوان کے الگ ہوجانے کے بعد سے کئى عشروں میں پہلی بار چین اور تائیوان کے درمیان تعلقات میں بہتری آئى ہے۔ لیکن تائیوان میں قوم پرست عناصر صدر ما پر الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ جزیرے کے اقتدارِ اعلیٰ کی قیمت پر چین کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کررہے ہیں۔

امریکہ کے محکمہ دفاع نے جمعے کے روز کہا تھا کہ اُس نے کانگریس کو اپنے اُس منصوبے کی اطلاع دے دی ہے جس کہ تحت وہ تائیوان کے ہاتھ 60 بلیک ہاک ہیلی کاپٹر، پیٹرئیٹ میزائل، ریڈار سیٹ اورمواصلاتی سازو سامان فروخت کرے گا۔

اس سودے میں وہ ایف 16 جیٹ لڑاکا طیارے شامل نہیں ہیں، جو تائیوان حاصل کرنا چاہتا تھا۔

XS
SM
MD
LG