رسائی کے لنکس

چین میں کرونا کے نئے کیسز، چنگ ڈاؤ شہر کی پوری آبادی کے ٹیسٹ کرانے کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

چین کے مشرقی شہر چنگ ڈاؤ میں کرونا وائرس کے نو مریض رپورٹ ہونے کے بعد حکومت نے پورے شہر کے کرونا ٹیسٹ کرانے کا اعلان کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہر کی تمام 90 لاکھ آبادی کا ٹیسٹ اسی ہفتے صرف پانچ روز کے دوران کیا جائے گا۔

پیر کو رپورٹ ہونے والے ان نو کیسز سے چین میں جاری ان ہفتوں کا تسلسل ٹوٹ گیا ہے جن کے دوران کرونا وائرس کی مقامی منتقلی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا تھا۔

چین میں کرونا کی مقامی منتقلی کے کیسز آخری مرتبہ 15 اگست کو رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد سے مقامی منتقلی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا تھا۔ تاہم پیر کو ایک مرتبہ پھر نو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

چین کے قومی صحت کمشن نے کہا ہے کہ حکام چنگ ڈاؤ کے ایک اسپتال کے آٹھ مریضوں اور عملے کے ایک رکن کے کرونا وائرس کا شکار ہونے کی وجہ کا جائزہ لے رہے ہیں۔

چنگ ڈاؤ ایک مصروف اور کاروباری لحاظ سے اہم شہر ہے جہاں کچھ بڑی کمپنیوں کے ہیڈ کوارٹر بھی قائم ہیں۔ کمشن نے کہا ہے کہ آئندہ پانچ روز کے دوران پورے شہر کا کرونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ چین نے مئی میں ووہان شہر میں بھی بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ کی تھی اور پوری آبادی کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے تھے۔

چین میں کرونا وائرس کی وبا دسمبر 2019 میں شروع ہوئی تھی جس کے بعد حکام نے وبا پر قابو پانے کے لیے مختلف پابندیاں عائد کی تھیں اور سخت لاک ڈاؤن بھی کیا گیا تھا۔ چین کے مختلف شہروں میں پابندیاں اپریل 2020 تک عائد رہی تھیں۔

کرونا وائرس کے کیسز میں واضح کمی آنے کے بعد حکمران جماعت نے اپریل میں پابندیاں اٹھا لی تھیں۔ تاہم بیرون ملک سے چین آنے والوں پر 14 روز قرنطینہ میں رہنے کی پابندی اب بھی عائد ہے۔

چین میں کرونا وائرس کی وبا کے آغاز سے اب تک کرونا وائرس کے 85 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں اور وبا سے ہلاکتوں کی تعداد چار ہزار 600 سے زائد ہے۔

واضح رہے کہ چنگ ڈاؤ شہر میں حالیہ کیسز ایسے وقت میں رپورٹ ہوئے ہیں جب چین میں ایک ہفتہ قبل ہی قومی چھٹیاں منائی گئی تھیں جسے 'گولڈن ویک' کہا جاتا ہے۔

چین میں اکتوبر کے پہلے ہفتے میں چھٹیاں منائی جاتی ہیں اور اس دوران شہروں میں کام کرنے والے لوگ اپنے گھروں کو واپس جاتے ہیں اور لاکھوں افراد اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ سیاحت کے لیے سفر کرتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG