رسائی کے لنکس

چین میں اہم سماجی اور معاشی اصلاحات کا اعلان


مغربی ذرائع ابلاغ کے مطابق چینی حکومت کی جانب سے اس بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی

چین کی حکومت نے ملک میں ایک سے زائد بچوں کی پیدائش پر عائد پابندی اٹھانے سمیت کئی اہم سماجی اور معاشی اصلاحات کا اعلان کیا ہے۔

اصلاحات کا اعلان حکمران جماعت 'کمیونسٹ پارٹی' کی اعلیٰ قیادت کے چار روز تک جاری رہنے والے اجلاس کے بعد جمعے کو سامنے آیا ہے جن میں زمینوں اور مکانات کی رجسٹریشن سے متعلق طریقہ کار کو بہتر کرنے سمیت معیشت میں نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کرنے اور سرکاری اداروں کےعمل خل میں کمی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

نئی اصلاحات کے تحت چین میں کئی دہائیوں سے نافذ "فی خاندان ایک بچہ" کی پابندی کو نرم کرتے ہوئے ایسے جوڑوں کو دو بچے پیداکرنے کی اجازت دی جارہی ہے جو خود یا دونوں (شوہر یا بیوی) میں سے کوئی ایک اپنے والدین کی واحد اولاد ہو ۔

اس وقت چین میں بہت کم جوڑوں کو ایک سے زیادہ بچے پیدا کرنے کی اجازت ہے جس سے معاشرے میں کئی سماجی مسائل جنم لے رہے ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیمیں چین کی اس 'ون چائلڈ' پالیسی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہیں جس پر عمل درآمد کے لیے چینی حکام بعض اوقات متوقع ماؤں کے زبردستی اسقاطِ حمل اور انہیں بانجھ بنانے جیسے سخت اقدامات بھی کرتے ہیں۔

حکومت نے نئی اصلاحات کے تحت بدنامِ زمانہ 'لیبر کیمپس' کے خاتمے کا بھی اعلان کیا ہے۔ موجودہ قانون کے تحت چین کی پولیس کو اختیار ہے کہ وہ مبینہ ملزمان کو بغیر کسی عدالتی کاروائی کے کئی سال تک ان سرکاری کیمپوں میں رکھ سکتی ہے جہاں، حکام کے بقول، مزدوری کے ذریعے ان ملزمان کی "تعلیم و تربیت" کی جاتی ہے۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق چین میں لگ بھگ ایک لاکھ 90 ہزار افراد اب بھی ان کیمپوں میں موجود ہیں۔ تاحال یہ واضح نہیں کہ چینی حکومت ان کیمپوں کے متبادل کے طور پر کیا نظام متعارف کرائے گی۔

چینی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایسے جرائم پر بھی نظرِ ثانی کرے گی جن کے مرتکب ملزمان کو موت کی سزا سنائی جاسکتی ہے اور ایسے جرائم کی تعداد بتدریج کم کی جائے گی۔

خیال رہے کہ چینی حکومت ہر سال سزائے موت پانے والے قیدیوں کی تعداد کا اعلان نہیں کرتی ہے لیکن انسانی حقوق کی تنظیموں کا الزام ہے کہ حالیہ برسوں میں چین میں سزائے موت پانے والوں کی تعداد پوری دنیا میں موت کی سزا کا سامنے کرنے والے ملزمان کی کل تعداد سے بھی زیادہ رہی ہے۔

حکومت نے ملک میں ایندھن، بجلی اور دیگر قدرتی وسائل کی قیمتوں کا تعین بھی مارکیٹ کی مناسبت سے کرنے، نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے اور کئی دیگر معاشی اصلاحات کے نفاذ کا اعلان کیا ہے جن کی، مغربی ذرائع ابلاغ کے مطابق، ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔
XS
SM
MD
LG