رسائی کے لنکس

امریکی اور چینی وزرائے دفاع کی ملاقات متوقع


چین نے کہا ہے کہ اِس کے وزیردفاع لیا نگ کووانگ لائی اپنے امریکی ہم منصب رابرٹ گیٹس سے آئندہ ہفتے ویت نام میں ملاقات کریں گے۔

چینی سرکاری خبررساں ادارے نے وزارت دفاع کے عہدے دار کووان یوفی کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ دونوں وزراء کی ملاقات ہنوئی میں منعقد ہونے والی آسیان تنظیم کی ایک سیکیورٹی کانفرنس کے موقع پر ہو گی اور اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان گذشتہ آٹھ مہینوں سے تعطل کا شکار عسکری تبادلوں کا سلسلہ بحال ہو جائے گا۔

بیجنگ نے امریکہ کی طرف سے تائیوان کو چھ ارب چالیس کروڑ ڈالر مالیت کا فوجی سازوسامان فروخت کرنے کے منصوبے کے ردعمل میں واشنگٹن سے عسکری تبادلے منقطع کر دیے تھے ۔ چین جزیرہ نما تائیوان پر اپنا علاقہ ہونے کا دعویٰ کرتا ہے۔

حال ہی میں ہونے والی امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ جنگی مشقیں اور چین کے جنوب میں سمندری حدود سے متعلق تنازعات میں واشنگٹن کی شمولیت بھی دونوں عالمی طاقتوں کے درمیان تلخی کا سبب بنی ہے۔

گیٹس نے رواں برس جون میں خطے کے دورے میں چین جانے کا ارادہ ظاہر کیا تھا لیکن بیجنگ نے اس دورے کے لیے منتخب کیے گئے وقت کو ناموزوں قرار دے دیا تھا۔

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان جیف مورل نے منگل کے روز صحافیوں کو بتایا کہ امریکی اور چینی حکام کے درمیان منسوخ ہونے والی ملاقات آئندہ سال کے اوئل میں ہونے کی امید ہے۔

XS
SM
MD
LG