رسائی کے لنکس

امریکہ چینی بینک پر سے پابندیاں ختم کرے


چین کی وزارت خارجہ نے بدھ کے روز کہا کہ تعزیرات نے امریکہ کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچایا ہے اور وہ اس بارے میں سرکاری طور پر احتجاج ریکارڈ کروائے گا۔

چین نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ کاروبار کرنے والے اس کے بینک پر سے پابندیاں اٹھا لے۔

چین کی وزارت خارجہ نے بدھ کے روز کہا کہ تعزیرات نے امریکہ کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچایا ہے اور وہ اس بارے میں سرکاری طور پر احتجاج ریکارڈ کرائے گا۔

امریکی محکمہ خزانہ نے منگل کو پابندیوں کے شکار ایرانی بینکوں کے ساتھ لین دین کے الزام میں چین کے بینک آف کُنلُن اور عراق کے ایک اقتصادی ادارے پر پابندیوں کا اعلان کیا تھا۔

امریکی صدر براک اوباما نے منگل ہی کو ایک نئے حکم نامے کے ذریعے ایران کی توانائی اور پیٹرولیم مصنوعات کے صنعت پر نئی پابندیاں عائد کی ہیں۔ ان نئے اقدامات کا مقصد ایران کو اپنے متنازع جوہری پروگرام سے باز رکھنے کے لیے لگائی گئی بین الاقوامی تعزیرات سے بچ نکلنے سے باز رکھنا ہے۔

مسٹر اوباما نے ایک بیان میں کہا کہ نئی پابندیوں کا مقصد بین الاقوامی ذمہ داریوں کی بجا آوری میں مسلسل ناکامی پر ایرانی حکومت پر دباؤ کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

وائٹ ہاؤس کا یہ اقدام ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی ایوان نمائندگان اور سینیٹ ایران کے خلاف نئی پابندیاں متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہیں۔ بعض قانون سازوں نے ایران سے متعلق ناکافی سخت گیری پر تنقید کی ہے۔

امریکہ اور دیگر یورپی ممالک ایران پر یہ کہہ کر پابندیوں کے حق میں ہیں کہ تہران کا جوہری پروگرام ایٹمی ہتھیار بنانے کی ایک کوشش ہے۔ ایران اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہتا آیا ہے کہ اس کا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے۔
XS
SM
MD
LG