رسائی کے لنکس

چینی جہازوں نے امریکی جاسوس طیارے کو علاقہ چھوڑنے پر مجبور کر دیا


ایک اہلکار نے بتایا کہ چینی جہاز ہتھیاروں سے لیس تھے  اور یہ واقعہ چین کے شہر کنگ داؤ سے 80 ناٹیکل میل  دور پیش آیا۔

امریکی اہلکاروں نے خبر دی ہے کہ دو چینی جنگی جہازوں نے مشرقی چین کے سمندر میں امریکی بحریہ کے ایک جاسوس طیارے کو علاقے سے نکلنے پر مجبور کر دیا۔

خبر رساں ایجنسی رائیٹر نے اطلاع دی ہے کہ اس کارروائی کے دوران چین کا ایک جنگی جہاز امریکی بحریہ کے جہاز سے محض 300 فٹ (91 میٹر) کے فاصلے تک پہنچ گیا تھا۔

دو امریکی اہلکاروں نے رائیٹرز کو بتایا کہ چینی جنگی جہاز J-10 اتوار کے روز امریکہ کے جہاز EP-3 کے انتہائی قریب پہنچ گیا تھا جس کے باعث امریکی جہاز فوری طور پر اپنا رُخ تبدیل کر نے پر مجبور ہو گیا۔ امریکی اہلکاروں نے یہ بات شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتائی کیونکہ اُنہیں ایسی اطلاعات پبلک کو فراہم کرنے کا اختیار نہیں تھا۔

ایک اہلکار نے بتایا کہ چینی جہاز ہتھیاروں سے لیس تھے اور یہ واقعہ چین کے شہر کنگ داؤ سے 80 ناٹیکل میل دور پیش آیا۔

اتوار کو پیش آنے والا یہ واقعہ اپنی نوعیت کا واحد واقعہ نہیں ہے اور ماضی میں بھی ایسے واقعات ہوتے رہے ہیں۔ گزشتہ مئی میں بھی چین کے مشرقی سمندر میں چین کے SU-30 جہاز نے ایک امریکی جاسوس طیاروں کو راستہ بدلنے پر مجبور کر دیا تھا جو بین الاقوامی فضا میں تابکاری کے اثرات کا جائزہ لے رہا تھا۔

چین اپنے سمندری علاقے میں امریکہ کی فوجی نوعیت کی کارروائیوں کو شک و شبہے کی نظر سے دیکھتا آیا ہے۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG