رسائی کے لنکس

چین: کیمیکل پلانٹ کو سمندری طوفان سے بچانے کی کوششیں


چین: کیمیکل پلانٹ کو سمندری طوفان سے بچانے کی کوششیں
چین: کیمیکل پلانٹ کو سمندری طوفان سے بچانے کی کوششیں

چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق شدید سمندری طوفان کے باعث جنم لینے والی لہروں کی وجہ سے پیر کی صبح ملک کے شمال مشرقی ساحل پر ایک حفاظتی پشتے میں شگاف پڑ گیا ہے جس کے بعد حکام علاقے میں موجود ایک کیمیکل پلانٹ کو محفوظ رکھنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی ’ژنہوا‘ کے مطابق سمندری طوفان ’میوفا‘ دلیان شہر میں واقع ’فیوجیا ہوا کیمیکل پلانٹ‘ کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ علاقے سے مکینوں کا انخلاء کرایا جارہا ہے جبکہ فوجی اور دوسرے کارکن مشینوں کی مدد سے پشتے کو مضبوط کرنے میں مصروف ہیں۔

طوفان ’میوفا‘ نے چین کی ساحلی پٹی کے علاوہ جنوبی کوریا کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے جہاں اس کے باعث تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

جنوبی کوریا میں حکام کے مطابق سمندری طوفان نے بجلی کی ترسیل کے نظام کو نقصان پہنچایا ہے جس کے باعث جنوب مغربی صوبوں میں ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع ہوگئی ہے۔ ملک کے مغربی ساحلی علاقے میں سڑکوں، بندرگاہوں اور حفاظتی پشتوں کو بھی درجنوں مقامات پر نقصان پہنچا ہے۔

کوریا کے موسمیاتی ادارے کے عہدے داروں نے پیر کو کہا ہے کہ جزیرہ نما کوریا سے گزرنے کے دوران سمندری طوفان کی شدت میں کمی واقع ہوجائے گی جہاں سے یہ شمال مشرقی سمت میں روس کی جانب بڑھے گا۔

تاہم شدت میں کمی آنے سے قبل ’میوفا‘ چین کے مشرقی ساحلی شہر ’چنگ ڈاؤ‘ سے ٹکرایا۔ ژنہوا کے مطابق چنگ ڈاؤ سے متصل صوبے شان ڈونگ کے ایک لاکھ سے زائد مکینوں کو ان کے گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔

’میوفا‘ کی شدت میں اتوار کو اس وقت کمی واقع ہوگئی تھی جب یہ چین کی سمت بڑھ رہا تھا۔ بعد ازاں رخ بدلنے کے باعث طوفان چین کے اہم معاشی مرکز شنگھائی سے ٹکرانے کے بجائے شمال میں شان ڈونگ کی جانب بڑھ گیا تھا۔ تاہم طوفانی ہواؤں اور تیز بارشوں کے باعث شنگھائی میں کئی مقامات پر بجلی کی فراہمی کا نظام متاثر ہوا جبکہ 200 سے زائد پروازوں کو بھی منسوخ کرنا پڑا۔

اس سے قبل حکام نے شنگھائی اور اس کے مضافاتی ساحلی علاقوں سے چھ لاکھ سے زائد رہائشیوں کا انخلاء کرادیا تھا جبکہ 63 ہزار سے زائد کشتیوں کو ساحلوں پر لنگر انداز ہونے کی ہدایت کر دی گئی تھی۔

شنگھائی ٹیلی ویڑن کے مطابق طوفان کے باعث جنم لینے والی بلند سمندری لہروں کی زد میں آکر ایک 24 سالہ پیراک لاپتہ ہوگیا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے ’میوفا‘ فلپائن سے ٹکرایا تھا جہاں اس کے باعث کئی ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ طوفان نے جمعہ کو جاپانی جزیرے اوکی ناوا کو بھی متاثر کیا تھا تاہم وہاں سے کسی شخص کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔

XS
SM
MD
LG