رسائی کے لنکس

چین: برڈ فلو سے متاثرہ خاتون ہلاک


حکام کے مطابق معمر خاتون کو شدید نمونیہ، بلند فشار خون اور دل کا عارضہ بھی لاحق تھا جس سے اس کی قوت مدافعت متاثر ہوئی۔

چین میں حکام نے بتایا ہے کہ ملک کے مشرقی صوبے میں برڈ فلو سے متاثر ہونے والی 73 سالہ خاتون انتقال کر گئی ہیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے ژنہوا کے مطابق یہ ہلاکت چھ دسمبر کو صوبہ جیانگژی میں ہوئی۔ متاثرہ خاتون میں ’’H10N8‘‘ وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور بعد ازاں نظام تنفس متاثر ہونے سے اس کی موت واقع ہو گئی۔

چین کے نیشنل ڈزیز سنٹر کا ماننا ہے کہ یہ وائرس بہت حد تک محدود ہے اور اس کے دیگر انسانوں میں پھیلنے کا خطرہ بہت ہی کم ہے۔

ژنہوا کا کہنا ہے کہ مرنے والی خاتون وائرس سے متاثر ہونے سے قبل مرغیوں کے بازار گئی تھیں۔ تاہم اُس خاتون کے دیگر رشتے داروں میں وائرس کی کوئی نشاندہی نہیں ہوئی ہے۔

حکام کے مطابق معمر خاتون کو شدید نمونیہ، بلند فشار خون اور دل کا عارضہ بھی لاحق تھا جس سے اس کی قوت مدافعت متاثر ہوئی۔

رواں سال چین میں برڈ فلو کے وائرس ’’H17N9‘‘ سے متاثرہ 139 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 45 جانبر نہ ہو سکے۔

برڈ فلو کے ایک اور وائرس H5N1 سے گزشتہ ایک دہائی میں دنیا بھر میں 360 افراد ہلاک ہوئے جن میں کافی تعداد چین سے تعلق رکھتی تھی۔
XS
SM
MD
LG