رسائی کے لنکس

چن کو فوری طور پر ویزا جاری کیا جائے گا: بائیڈن


بیوی اور بچے کے ہمراہ، چن اِس وقت بیجنگ کے ایک اسپتال میں داخل ہیں جہاں اُن کا دو ہفتے قبل گھر کی نظربندی سے فرار کے دوران آنے والے زخموں کا علاج ہو رہا ہے

امریکی نائب صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ امریکہ منحرف چینی باشندے چن گوانگ چینگ کو فوری طور پر ویزا جاری کرنے پر تیار ہے۔

اتوار کے دِن این بی سی کے ’میٹ دِی پریس‘ پروگرام کو دیے گئے ایک انٹرویو میں، مسٹر بائیڈن نے کہا کہ امریکہ کو توقع ہے کہ چین، چن کو نیو یارک یونیورسٹی کی طرف سےفیلوشپ کی پیش کش سے استفادہ کرنے کی اجازت دینے کے اپنے وعدے پر قائم رہےگا۔ اُنھوں نے کہا کہ اس نابینا شخص کا مستقبل امریکہ سے وابستہ ہے۔

بیوی اور بچےکے ہمراہ، چن اِس وقت بیجنگ کے ایک اسپتال میں داخل ہیں، جہاں اُنھیں دو ہفتے قبل گھر کی نظربندی سے فرار کے دوران آنے والے زخموں کا علاج ہو رہا ہے۔

چین کی وزارتِ خارجہ نے جمعے کو کہا کہ چن گوانگ چینگ اعلیٰ تعلیم کے حصول کی خاطر ملک سے باہر جانے کی درخواست دے سکتے ہیں، جس طرح کسی دوسرے چینی شہری کو حق حاصل ہے۔

یہ اعلان چن کی طرف سے کی جانے والی اپیلوں کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جن میں اُن کا کہنا تھا کہ وہ اپنے تحفظ کےبارے میں پریشان ہیں اور اسی کی خاطر کچھ عرصے کے لیے امریکہ جانے کے خواہش مند ہیں۔

منحرف سرگرم کارکن نے امریکی اور چینی حکام کے درمیان طے پانے والے اُس سمجھوتے سے اتفاق کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ چین میں کسی محفوظ مقام پر رہ کر قانون کی تعلیم حاصل کریں گے۔

تاہم، امریکی تحفظ ختم ہونے کے چند ہی گھنٹوں بعد اُنھوں نے اپنا ذہن تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے اہل خانہ کو دھمکیاں مل رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG