چین کے مشرقی حصے میں پلاسٹک اور کیمیائی کی ایک متروک فیکٹری میں ایک طاقت ور دھماکے سے دس افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے۔
چین کی سرکاری نیوز ایجنسی نے کہا ہے کہ یہ دھماکہ بدھ کی صبح صوبے جیانگ سو کے صدر مقام نانجیگ میں ہوا۔
نیوز ایجنسی سنہوا کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ کے وقت بلڈنگ میں کام کرنے والے مزدور گیس کا ایک پائپ کاٹ رہے تھے۔ اسی دوران موقع پر موجود ایک کار کے اسٹارٹ ہونے سے گیس نے آگ پکڑ لی اور دھماکہ ہوگیا۔
دھماکے سے 100 میٹر کے دائرے میں گاڑیوں اور عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا، جس میں وہاں سے گذرنے والی ایک مسافر بس بھی شامل تھی۔ زخموں میں بس کے مسافر بھی شامل ہیں۔
فائر فائٹرز کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے۔