رسائی کے لنکس

گلگت: چینی شہری کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں نو سال قید


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بتایا جاتا ہے کہ مقدمے کے سماعت کے دوران مجرم وانگ جیانگچؤ نے اعتراف کیا کہ اس نے پاکستان میں اپنے قیام کے دوران چار پستول اور دو سو سے زائد گولیاں خریدی تھیں جنہیں وہ خنجراب کے راستے چین لے کر جانا چاہتا تھا۔

پاکستان کے شمالی علاقے گلگت کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایک چینی شہری کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں 9 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ مجرم وانگ جیانگچؤ کے دوبارہ پاکستان آنے پر بھی پابندی ہو گی۔

بتایا جاتا ہے کہ مقدمے کے سماعت کے دوران مجرم وانگ جیانگچؤ نے اعتراف کیا کہ اس نے پاکستان میں اپنے قیام کے دوران چار پستول اور دو سو سے زائد گولیاں خریدی تھیں جنہیں وہ خنجراب کے راستے چین لے کر جانا چاہتا تھا۔

وانگ کو 24 مئی کو ہنزہ پولیس نے چین اور پاکستان کی سرحد کے قریبی علاقے سے اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ اسلحہ چین اسمگل کرنا چاہتا تھا۔

تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ اس کا انفرادی فعل تھا یا وہ کسی عسکریت پسند تنظیم کے لیے کام کر رہا تھا۔

پولیس کے مطابق وانگ مئی کے پہلے ہفتے میں پاکستان کے ایک ماہ کے ویزے پر چین سے اسلام آباد پہنچا تھا۔ بعدازں وہ بس کی ذریعے ضلع ہنزہ کے قصبے علی آباد کے راستے سست پہنچ گیا۔ یہاں سے اس نے خنجراب کے نیشنل پارک میں جانے کے لیے ایک ٹیکسی کرایہ پر لی۔

تاہم بعد میں راستہ میں وانگ ٹیکسی ڈرائیور کو یہ بتا کر اتر گیا کہ تھوڑی دیر میں واپس آرہا ہے تاہم کافی انتظار کے بعد جب وہ واپس نا آیا تو ٹیکسی ڈرائیور نے مقامی پولیس کو اس بات سے آگاہ کیا جس پر پولیس نے چینی شہری کے تلاش کی کارروائی شروع کر دی اور کچھ دیر میں اسے ڈھونڈ نکالا اور جب اس کے سامان کی تلاش لی گئی تو اس کے قبضے سے پستول اور سیکڑوں کی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئیں۔

پولیس نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں وانگ جیانگچؤکے خلاف انسداد دہشت گردی کے قانون کے تحت مقدمہ درج کر کے اسے تفتیش کے لیے گلگت متنقل کر دیا۔

ملزم کے خلاف چالان مکمل کرنے کے بعد پولیس نے اسے گلگت کے انسداد دہشت گردی میں پیش کردیا۔ جمعرات کو عدالت نے ان کے خلاف جرم ثابت ہونے پر سزا سنا دی جس کے بعد مجرم کو گلگت جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG