رسائی کے لنکس

جلد دورہ پاکستان کا منتظر ہوں: چینی صدر


صدر ژی جنپنگ
صدر ژی جنپنگ

وزیراعظم نواز شریف کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے چینی رہنما کو بتایا کہ ان کا ملک چینی صدر کے دورہ پاکستان کا منتظر ہے جس سے ان کے بقول دو طرفہ تعلقات کو مزید استحکام حاصل ہوگا۔

چین کے صدر ژی جنپنگ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ان کے ملک کے تعلقات بہت گہرے ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوں گے اور وہ جلد اپنے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔

پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق چینی صدر نے یہ بات پاکستانی وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامی سرتاج عزیز سے گفتگو میں کہی جنہوں نے تاجکستان میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے موقع صدر جنپنگ سے ملاقات کی۔

بیان کے مطابق چینی صدر نے اپنے پاکستانی ہم منصب ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

مشیر خارجہ نے چینی رہنما کو بتایا کہ ان کا ملک چینی صدر کے دورہ پاکستان کا منتظر ہے جس سے ان کے بقول دو طرفہ تعلقات کو مزید استحکام حاصل ہو گا۔

چین کے صدر نے رواں ماہ کے وسط میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا لیکن اسے ملتوی کردیا گیا۔ پاکستانی حکومت میں شامل عہدیداروں کے بقول اس کی وجہ اسلام آباد میں جاری احتجاجی دھرنے اور سیاسی کشیدگی تھی۔

وزیراعظم نواز شریف سمیت حکومتی عہدیدار یہ کہہ چکے ہیں کہ اس دورے میں چین اور پاکستان کے درمیان 34 ارب ڈالرز کے منصوبوں کو حتمی شکل دی جانی تھی اور حکومت مخالف دھرنوں کی وجہ سے اس میں تعطل آیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان تقریباً ایک ماہ سے اسلام آباد میں پارلیمان کے سامنے حساس اور اہم ترین سڑک "شاہراہ دستور" پر دھرنا دیے ہوئے ہیں اور وزیراعظم نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا الزام ہے کہ نواز شریف گزشتہ عام انتخابات میں دھاندلی سے جیت کر اقتدار میں آئے ہیں جب کہ عوامی تحریک کے قائد طاہر القادری ملک میں "انقلاب" کا نعرہ بلند کرتے ہوئے یہاں اپنے حامیوں کے ساتھ پڑاؤ ڈالے بیٹھے ہیں۔

XS
SM
MD
LG