رسائی کے لنکس

چینی صدر کا دورہ پاکستان پر بات چیت جاری ہے: دفتر خارجہ


تسنیم اسلم
تسنیم اسلم

ترجمان تسنیم اسلم نے بتایا کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان سے متعلق بات چیت ہو رہی ہے اور طرفین اسلام آباد میں صورت حال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق چین کے صدر ژی جنپنگ کے دورہ اسلام آباد سے متعلق دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت جاری ہے۔

لیکن تاحال چینی صدر کے ممکنہ دورے سے متعلق نا تو تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے اور نا ہی اس کی مزید تفصیلات بتائی گئی ہیں۔

چین کے صدر نے ستمبر کے وسط میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے لیکن اسلام آباد میں جاری حکومت مخالف احتجاج کے باعث حکومت اور حزب مخالف کے اراکین پارلیمان اس دورے سے متعلق خدشات کا اظہار کرتے آ رہے ہیں۔

وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے جمعرات کو ہفتہ وار نیوز کانفرنس میں بتایا کہ چینی صدر کے دورہ پاکستان سے متعلق بات چیت ہو رہی ہے اور طرفین اسلام آباد میں صورت حال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ ان کے بقول اس موقع پر وہ اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتیں۔

واضح رہے کہ چین کے صدور اپنے دورہ پاکستان کے دوران ایوان صدر میں قیام کرتے رہے ہیں، لیکن ان دنوں اس سرکاری عمارت کے باہر دھرنے جاری ہیں۔

پاکستانی حکام کے مطابق چینی عہدیداروں کا ایک وفد اسلام آباد میں موجود ہے جو اپنے صدر ژی جنپنگ کے دورے سے قبل سکیورٹی کی صورت حال اور اقدامات کا جائزہ لے رہا ہے۔

تجزیہ کار رسول بخش رئیس نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ پاکستانی حکومت کی یہ کوشش ہو گی کہ چینی صدر کا دورہ ملتوی یا منسوخ نا ہو۔

اُنھوں نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ چینی حکام سیاسی کشیدگی کی صورت حال کو سمجھتے ہوئے فیصلہ کریں گے۔

"وہ (چینی عہدیدار) سمجھ جائیں گے کہ وجہ کیا ہے کہ وجہ وقتی سی ہے، سارے ملک کے اندر اس طرح کا انتشار نہیں ہے صرف اسلام آباد میں ہی ایسی صورتحال ہے۔"

پاکستانی حکام کے مطابق چین پاکستان کے لیے دس ہزار میگاواٹس سے زائد بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کی منظوری دے چکا ہے جن پر صدر ژی جنپنگ کے دورے کے دوران دستخط متوقع ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایک ایسے وقت جب پاکستان کو اقتصادی مشکلات کا سامنا ہے چین کے صدر سے اُن کے بقول 30 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کے معاہدوں کو حتمی شکل دی جانی ہے، اس لیے حکومت احتجاجی جماعتوں سے کہہ رہی ہے کہ وہ اپنے دھرنے ختم کرتے ہوئے مثبت پیغام دیں۔

XS
SM
MD
LG