رسائی کے لنکس

امریکہ میں کرسمس اور نئے سال  کی خریداری میں ریکارڈ اضافہ


سیزن کے اختتام کے قریب اچانک سیلز بڑھ جانے سے آن لائن سیلز میں 18.1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

امریکہ میں کرسمس کے بعد اب نئے سال کی خریداری میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور توقع ہے کہ اس سیزن کی خریداری تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دے گی۔

اس سیزن کی خریداری میں خطیر اضافے کی بڑی وجہ آن لائن خریداری کو قرار دیا جا رہا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ امریکہ میں آن لائن خریداری کل خریداری کا 40 فیصد کے لگ بھگ ہے۔ ماسٹر کارڈ کے تجزیاتی شعبے کا کہنا ہے کہ اس سال خریداری کا حجم 800 ارب ڈالر سے بڑھ جانے کی توقع ہے۔

امریکہ کے متعدد اسٹوروں نے ٹکنالوجی اور فری ڈیلوری و واپسی کے شعبے میں ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ سرمایہ کاری کی ہے اور اس میں سب سے بڑے آن لائن سٹوروں میں سے ایک Amazone.com سب سے آگے ہے۔ اُس کا کہنا ہے کہ وہ آن لائن سیلز سرگرمی سے جاری رکھے گا۔

تجزیاتی فرم RetailNext کی نمائیندہ شیلی کوہن کا کہنا ہے کہ سیلز کے اعتبار سے یہ سیزن تمام بڑی کمپنیوں کیلئے انتہائی مثبت رہا ہے جن میں اسٹوروں میں روایتی سیلز کے علاوہ آن لائن سیل بھی شامل ہے۔

اس سلسلے میں دستیاب ہونے والے ابتدائی اعدا د و شمار سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس سیزن کی سیلز RetailNext کے 3.8 فیصد اضافے کے اندازے سے کہیں زیادہ ہوں گی۔ کوہن کا کہنا ہے کہ تمام تر تجارتی اعشاریے انتہائی مضبوط دکھائی دے رہے ہیں۔ لہذا بظاہر صارفین اس بار نسبتاً زیادہ رقم خرچ کرنے پر آمادہ دکھائی دیتے ہیں۔

ماسٹر کارڈ کمپنی نے بھی کہا ہے کہ سیزن کے اختتام کے قریب اچانک سیلز بڑھ جانے سے آن لائن سیلز میں 18.1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ معروف چین سٹوروں Macy’s اور ٹارگیٹ نے بھی سیلز میں خطیر اضافے کی اطلاع دی ہے۔

آن لائن خریداروں کی ایک بڑی تعداد خریدی گئی اشیاء پسند نہ آنے کی صورت میں واپس بھیج دیتی ہے۔ لہذا تما م بڑے اسٹور اپنی چیزیں صارفین کو بھیجتے وقت واپسی کی سہولت بھی فراہم کرتے ہیں۔ چیزوں کی ترسیل کرنے والی بڑی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ خردی گئی اشیاء کی واپسی کے رجحان میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے اُنہیں اپنے نیٹ ورک کو مزید بڑھانا پڑ رہا ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی ڈیلوری کمپنی یونائیٹڈ پارس سروس یعنی UPS کا کہنا ہے کہ دسمبر کے دوران وہ ہر روز دس لاکھ پیکٹس کی ترسیل کرتی رہی ہے اور اسے توقع ہے کہ 3 جنوری کے لگ بھگ اس کی ترسیل 14 لاکھ پیکٹس روزانہ تک پہنچ جائے گی۔

XS
SM
MD
LG