رسائی کے لنکس

امریکی کانگریس کے سامنے روایتی کرسمس ٹری نصب


'کیپٹل ہل' کے سامنے ہر سال کرسمس سے قبل 'کرسمس ٹری' نصب کرنے اور سجانے کی روایت کا آغاز 1964ء میں ہوا تھا

امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں کانگریس کی عمارت کے سامنے روایتی کرسمس ٹری ایستادہ کردیا گیا ہے۔

منگل کی شب کانگریس کی عمارت 'کیپٹل ہل' کے سامنے کرسمس ٹری کو روشن کرنے کی سالانہ روایتی تقریب منعقد ہوئی جس میں ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر جان بینر سمیت کئی اراکینِ کانگریس اور واشنگٹن کے رہائشیوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

تقریب میں امریکی ریاست اوہائیو سے تعلق رکھنے والے ری پبلکن اسپیکر جان بینر نے بٹن دبا کر کرسمس ٹری پر نصب قمقمے روشن کیے جس کے بعد امریکی فوج کے ایک بینڈ اور مقامی طلبہ کے ایک میوزک گروپ نے مختلف دھنیں اور نغمے پیش کیے۔

ستائیس میٹر بلند یہ کرسمس ٹری ریاست واشنگٹن کے 'کول ویلے نیشنل فاریسٹ' سے منگوایا گیا ہے اور یہ 'کیپٹل ہل' کے سامنے ایستادہ کیا جانے والا تاریخ کا دوسرا بلند ترین کرسمس ٹری ہے۔

درخت کو پانچ ہزار برقی قمقموں اور دیگر اشیا سے سجایا گیا ہے جو امریکہ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں نے اپنے ہاتھوں سے تیار کی ہیں۔

خیال رہے کہ کانگریس کی عمارت 'کیپٹل ہل' کے سامنے ہر سال عیسائیوں کے مذہبی تہوار کرسمس سے قبل 'کرسمس ٹری' نصب کرنے اور سجانے کی روایت کا آغاز 1964ء میں ہوا تھا جس کے بعد ہر سال کرسمس سے قبل ایک تقریب میں یہ درخت ایستادہ کیا جاتا ہے۔
XS
SM
MD
LG