رسائی کے لنکس

امریکی وزیرِ خارجہ بلقان کا دورہ کریں گی


امریکی وزیرِ خارجہ بلقان کا دورہ کریں گی
امریکی وزیرِ خارجہ بلقان کا دورہ کریں گی

سربیا اورکوسوو کے مابین مذاکرات کے انعقاد میں مدد دینے کی خاطر امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن 10روز کے اندر سربیا جائیں گی۔

وزیرِ خارجہ کلنٹن نے اپنے دورے کا اعلان یورپی یونین کی خصوصی نمائندہ کیتھرین ایشٹن کے ہمراہ بدھ کو محکمہٴ خارجہ میں کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ وہ کوسوو اور سربیا کے قائدین کے علاوہ دونوں ریاستوں کے شہریوں سے ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

کوسوو نے 2008ء میں سربیا سے آزادی کا اعلان کیا تھا جِسے بلغراد غیر قانونی قرار دے چکا ہے۔

اِس سے قبل اِسی ماہ سربیائی صدر بورس تادک اور یورپی یونین کے عہدے داروں کے مابین مذاکرات کے بعد اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی جِس میں سربیا اور کوسوو کے درمیان مکالمے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ہلری کلنٹن نے کہا کہ وہ فریقین کے درمیان معاونت، اُن کی حوصلہ افزائی اور رضامندی پیدا کرنے کے کام میں مدد دیں گی تاہم یہ رہنماؤں کا کام ہے کہ کسی سمجھوتے تک پہنچیں۔

محکمہٴ خارجہ کے اہل کاروں کا کہنا ہے کہ وزیرِ خارجہ کے دورے کی تفصیل کابہت جلد اعلان کیا جائے گا۔

ہفتے کے روز اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے مسٹر تادک نے کہا کہ سربیا ، کوسوو کے ساتھ بات چیت کا منتظر ہے اور اُسے امید ہے کہ اِس سے کسی باہمی سمجھوتے تک پہنچا جاسکتا ہے۔ لیکن اُنھوں نے کہا کہ سربیا کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور یہ کہ وہ کوسوو کی آزادی کو تسلیم نہیں کرے گا۔

امریکہ اور یورپی یونین نے کوسوو کو منظور کر لیا ہے جب کہ اقوام ِمتحدہ کی سکیورٹی کونسل کے ارکان روس اور چین نے سربیا کی حمایت کی ہے۔

XS
SM
MD
LG