رسائی کے لنکس

شکست کی 'ذمہ داری' کومی پر عائد ہوتی ہے: ہلری کلنٹن


کلنٹن کا کہنا تھا کہ رائے عامہ کے جائزوں کا تجزیہ کرنے سے پتا چلتا ہے کہ انتخابات سے 11 روز قبل نئی ای میلز کی تحقیقات کے لیے کومی کی طرف سے کانگریس کو لکھا گیا خط تباہ کن ثابت ہوا

امریکہ میں ڈیموکریٹ کی طرف سے صدارتی امیدوار ہلری کلنٹن نے انتخاب میں اپنی شکست کا ذمہ دار ایف بی آئی ڈائریکٹر جیمز کومی کو قرار دیا ہے۔

ہفتہ کو اپنے مہم کے عطیات دینے والوں سے فون پر بات کرتے ہوئے کلنٹن کا کہنا تھا کہ انتخابات سے پہلے ان کی نجی ای میلز کی تحقیقات کے اعلان کے باعث ان کی مہم کا خرام متاثر ہوا۔

انتخابات سے قبل قومی سطح پر ہونے والے رائے عامہ کے تمام جائزوں میں ہلری کلنٹن کو ریپبلکن ڈونلڈ ٹرمپ پر برتری حاصل رہی لیکن منگل کو ہونے والے انتخابات میں ٹرمپ فاتح قرار پائے۔

کلنٹن کا کہنا تھا کہ رائے عامہ کے جائزوں کا تجزیہ کرنے سے پتا چلتا ہے کہ انتخابات سے 11 روز قبل نئی ای میلز کی تحقیقات کے لیے کومی کی طرف سے کانگریس کو لکھا گیا خط تباہ کن ثابت ہوا جو کہ "نتائج" پر اثر انداز بھی ہوا۔

خبر رساں ایجنسی "روئٹرز" کے مطابق اس ٹیلی فون کال میں شریک تین لوگوں نے کلنٹن کے اس تجزیے کا ذکر کیا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ کلنٹن نے اپنے حامیوں سے اپنی ناکام مہم کے نتائج پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انتخاب میں شکست کے بعد اپنے حامیوں سے نیویارک میں بدھ کی شب خطاب کے بعد سے انھوں نے خود کو منظر عام سے دور ہی رکھا ہوا ہے۔

جیمز کومی نے 28 اکتوبر کو قانون سازوں کو لکھے گئے خط میں کہا تھا کہ وہ ہلری کلنٹن کی بطور وزیر خارجہ 2009ء سے 2012ء کے دوران سرکاری امور کے لیے نجی ای میل سرور استعمال کرنے کی تحقیقات کا دوبارہ جائزہ لیں گے۔

یہ نئی تحقیقات کومی کے بقول اس لیے ضروری ہیں کیونکہ ان کے ایجنٹس کو اس معاملے سے جڑی اضافی ای میلز ملی ہیں۔

تاہم بعد ازاں ایف بی آئی نے تحقیقات مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لیکن کومی کی طرف سے کانگریس کو لکھے گئے خط کے وقت پر انھیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

XS
SM
MD
LG