رسائی کے لنکس

امریکہ چین کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری کا خواہاں ہے ، کلنٹن


امریکہ چین کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری کا خواہاں ہے ، کلنٹن
امریکہ چین کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری کا خواہاں ہے ، کلنٹن

امریکی سیکریٹری خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ امریکہ اور چین تاریخ کے ایک ایسے اہم موڑ پر کھڑے ہیں جہاں ایک جانب دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں بہتری کی امید نظر آتی ہے تو دوسری طرف دونوں اقوام کے درمیان مختلف امور پر بنیادی نوعیت کا اختلافِ رائے بھی موجود ہے۔

جمعہ کے روز امریکی محکمہ خارجہ میں خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری کلنٹن کا کہنا تھا کہ امریکہ چین کے ساتھ "مثبت، مکمل اور باہمی تعاون" کی بنیاد پر تعلقات کے قیام کے خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کیلیے فریقین کو اپنے اختلافات دور کرنے پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔

ہیلری کلنٹن نے اعتراف کیا کہ دونوں ممالک میں ایک دوسرے کے بارے میں بد اعتمادی کی فضاء موجود ہے جسے دور کرنا ضروری ہے۔

امریکی سیکریٹری خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چینی صدر ہوجن تائو آئندہ ہفتے امریکہ کا سرکاری دورہ کرنے والے ہیں۔

اپنے خطاب میں سیکریٹری کلنٹن کا کہنا تھا امریکہ انسانی حقوق اور اظہارِ رائے پر عائد پاندیوں کے معاملے پر چین پر دبائو ڈالتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیجنگ کی جانب سے اقلیتوں پر مذہبی رسومات کی ادائیگی پر پابندی عائد کرنے، انٹرنیٹ کی سینسر شپ اور جمہوری حقوق کے حامیوں کو قید میں رکھنے جیسے معاملات پر امریکہ نے ماضی میں بھی آواز اٹھائی ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے چین پر زور دیا کہ وہ امریکی اور دیگر غیر ملکی بزنس کے خلاف اختیار کردہ اپنی امتیازی معاشی پالیسیاں ترک کرے ۔ سیکریٹری کلنٹن نے امید ظاہر کی کہ چین اور امریکہ کے درمیان تائیوان کے معاملے پر جاری فوجی تنائو میں کمی آئے گی اور دونوں ممالک اس مسئلے پر مذاکرات کرینگے۔

انہوں نے ایران کی جانب سے اپنا جوہری پروگرام ترک کرنے سے انکار کے بعد اس پر اقوامِ متحدہ کی جانب سے عائد کردہ عالمی پابندیوں کی منظوری کیلیے حمایت فراہم کرنے پر پر چین کا شکریہ بھی ادا کیا۔

XS
SM
MD
LG